نئی دہلی : سمندری طوفان ’اکوان‘ کے اثرات کے پیش نظر آئندہ چار ہفتوں کے دوران ملک کی 8 ریاستوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اوڈیشہ، مغربی بنگال، جنوبی ہندوستان اور مہاراشٹر کے بعض علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق، 19 نومبر سے 17 دسمبر کے درمیان ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔دوسری جانب شمالی ہندوستان میں سردی کے ساتھ گھنی دھند کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان ’اکوان‘ جمعرات کی رات مزید طاقتور ہو گیا۔ اس کے پیش نظر ساحلی ریاستوں میں احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے سمندری طوفان
محکمہ موسمیات کے اندازے کے مطابق، یہ طوفان آج (20 نومبر) دوپہر شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی اوڈیشہ کے ساحل پر گنجام ضلع کے گوپال پور کے قریب ٹکرا سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، ’اکوان‘ مغربی وسطی خلیج بنگال سے تقریباً 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغربی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
اڈیشہ کے گوپال پور سے 240 کلومیٹر دور تھا طوفان
جمعرات کی رات 11:30 بجے یہ طوفان آندھرا پردیش کے کلنگ پٹنم سے جنوب مشرق میں 170 کلومیٹر، وشاکھاپٹنم سے مشرق جنوب مشرق میں 200 کلومیٹر اور اوڈیشہ کے گوپال پور سے جنوب میں 240 کلومیٹر دور تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق، ساحل سے ٹکرانے کے وقت طوفان کی رفتار 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے، جب کہ بعض مقامات پر ہوا کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔وشاکھاپٹنم کے ساحلی علاقوں میں پہلے ہی 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور سمندر میں ہلچل بڑھ گئی ہے۔ اگرچہ وشاکھاپٹنم پر طوفان کا براہ راست خطرہ ٹل گیا ہے، تاہم آج شمالی آندھرا پردیش کے مختلف علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
مہاراشٹر میں بھی طوفان کے اثرات کا خدشہ
آج ’اکوان‘ کے اڈیشہ اور آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے پیش نظر دونوں ریاستوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ طوفان کے اثرات ان دونوں ریاستوں میں نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جہاں بعض علاقوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، اس سمندری طوفان کا اثر مہاراشٹر کے موسم پر بھی پڑ سکتا ہے۔ ریاست کے کچھ علاقوں میں بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دوسری جانب شمالی ہندوستان میں سردی اور دھند کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




