Bharat Express DD Free Dish

Fazilka Road Accident: فیروزپور-فاضلکا ہائی وے پر بھیانک سڑک حادثہ، ٹویرا اور پک اَپ میں تصادم سے 5 افراد ہلاک، 11 زخمی

تصادم اتنا شدید تھا کہ پانچ افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ حادثے کے بعد ہائی وے پر چیخ و پکار مچ گئی۔ راہگیروں اور آس پاس موجود لوگوں نے فوری طور پر پولیس اور ایمبولینس کو اطلاع دی۔ زخمیوں کو فاضلکا کے سرکاری اسپتال پہنچایا گیا۔

فاضلکا: پنجاب کے فیروزپور-فاضلکا ہائی وے پر اتوار کے روز ایک بھیانک سڑک حادثے نے خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کر دیا۔ بارات سے واپس لوٹ رہی ایک ٹویرا گاڑی اور سامنے سے آنے والی پک اَپ کے درمیان زوردار ٹکر ہو گئی، جس میں 5 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 11 دیگر زخمی ہو گئے۔ مہلوکین میں ایک خاتون، ایک مرد اور تین بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے چار کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں فرید کوٹ میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا ہے۔

بارات سے واپسی کے دوران پیش آیا حادثہ

موصولہ اطلاعات کے مطابق، اسمبلی حلقہ جلال آباد کے گاؤں ٹوانہ سے ایک بارات فاضلکا کے گاؤں کرنی کھیڑا آئی تھی۔ شادی کی تقریب مکمل ہونے کے بعد باراتیوں کو لے کر ایک گاڑی واپس لوٹ رہی تھی۔ اسی دوران فیروزپور-فاضلکا ہائی وے پر سامنے سے آ رہی ایک پک اَپ گاڑی سے اس کی بھیانک ٹکر ہو گئی۔

شدید تصادم کے سبب پانچ افراد موقع پر ہلاک

تصادم اتنا شدید تھا کہ پانچ افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ حادثے کے بعد ہائی وے پر چیخ و پکار مچ گئی۔ راہگیروں اور آس پاس موجود لوگوں نے فوری طور پر پولیس اور ایمبولینس کو اطلاع دی۔ زخمیوں کو فاضلکا کے سرکاری اسپتال پہنچایا گیا۔

چار زخمیوں کی حالت نازک، فرید کوٹ ریفر

سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر امت راج لامبا نے بتایا کہ زخمیوں کو فاضلکا کے سرکاری اسپتال لایا گیا تھا، جہاں پانچ افراد کو مردہ قرار دیا گیا، جبکہ 11 دیگر زخمی تھے۔ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد چار زخمیوں کی حالت زیادہ نازک ہونے کے سبب انہیں فرید کوٹ میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا۔ دیگر زخمیوں کا علاج فاضلکا کے سرکاری اسپتال میں جاری ہے۔

مہلوکین میں تین سال کا بچہ بھی شامل

ڈاکٹر نے بتایا کہ مہلوکین میں سب سے چھوٹے بچے کی عمر محض تین سال تھی۔ انہوں نے کہا، ’’متاثرین کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ ایک شخص کے سر میں شدید چوٹ تھی اور وہ مردہ حالت میں پہنچا تھا، جبکہ دیگر افراد کو بھی چوٹیں آئی تھیں۔‘‘

پولیس نے دونوں گاڑیوں کو قبضے میں لیا

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں گاڑیوں کو قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ حادثہ تیز رفتار، غلط سمت سے گاڑی چلانے یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read