Bharat Express DD Free Dish

CM Bhupendra Patel: قبائلی علاقوں اور آدیواسیوں کی ہمہ جہت ترقی کا عزم وزیر اعظم نریندر مودی نے پورا کیا: بھوپیندر پٹیل

بھگوان برسا منڈا کی 151ویں یوم پیدائش پر گجرات کے چھوٹا اُدے پور میں ریاستی سطح کی ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ تقریب، 14 قبائلی اکثریتی اضلاع کے لیے 2283.97 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد۔

گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے قبائلی علاقوں اور آدیواسی برادری کی ہمہ جہت ترقی کا عزم پورا کرنے کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کبھی نظر انداز کیے جاتے تھے، انہیں عزت، شناخت اور احترام دلانے کا کام وزیر اعظم مودی نے کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اتوار کو چھوٹا اُدے پور ضلع میں بھگوان برسا منڈا کی 151ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ ریاستی سطح کی ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کیا اور عوام کو یوم پیدائش کی مبارکباد دی۔

قبائلی مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو قومی شناخت دلائی

بھوپیندر پٹیل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آزادی کی جدوجہد میں قبائلی مجاہدین کی قربانیوں اور ان کے ناقابل فراموش کردار کو ملک کے سامنے لانے کا تاریخی کام کیا ہے۔ سال 2007 میں شروع کی گئی ’ون بندھو کلیان یوجنا‘ قبائلی برادری کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔ اب آئندہ پانچ برسوں میں قبائلی علاقوں میں دو لاکھ کروڑ روپے کے ترقیاتی کام کرانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

تعلیم اور صحت کے شعبے میں بڑی کامیابیاں

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج گجرات کے قبائلی علاقوں میں 12 سائنس کالج، دو یونیورسٹیاں، 12 میڈیکل کالج اور 57 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول فعال ہیں۔ اس کے علاوہ 22,500 سے زائد اسمارٹ کلاس روم قائم کیے گئے ہیں اور 18,800 سے زیادہ جنگلاتی حقوق کے پٹّے فراہم کرکے قبائلی نوجوانوں اور خاندانوں کو بااختیار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قبائلی خواتین اور مقامی دستکاروں کی معاشی خودمختاری کے لیے ’شبری بوتھ‘ اور ’جوہار کیفے‘ جیسی نئی پہل شروع کی گئی ہے۔ چھوٹا اُدے پور کو اسپورٹس اور فوڈ پروسیسنگ ہب کے طور پر ترقی دی جائے گی، تاکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکے۔

14 اضلاع کو 2283.97 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ

تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے ریاست کے 14 قبائلی اکثریتی اضلاع کے لیے مجموعی طور پر 2283.97 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا ای-افتتاح اور ای-سنگ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں میں پانی کی فراہمی، آبپاشی، سڑکوں، عمارتوں، تعلیم، صحت، حیوانات کے علاج، جنگلات، ماحولیات اور پنچایت سے متعلق کام شامل ہیں۔ اس موقع پر 18,828 مستحقین کے جنگلاتی حقوق کے پٹّوں کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ آدرش رہائشی اسکولوں، ہاسٹلوں، ایکلویہ ماڈل اسکولوں اور نیو گجرات ریزیڈینشل اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کے ساتھ شبری بوتھ اور جوہار کیفے کا بھی آغاز کیا گیا۔

نئی نسل بھگوان برسا منڈا کے نظریات سے تحریک حاصل کرے: نریش بھائی پٹیل

ریاستی وزیر برائے قبائلی ترقی نریش بھائی پٹیل نے کہا کہ عظیم مجاہد آزادی اور قبائلی سماج کے محافظ بھگوان برسا منڈا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ نئی نسل کے لیے ضروری ہے کہ وہ ان کے نظریات، جدوجہد اور اصولوں سے تحریک حاصل کرے۔ انہوں نے 15 نومبر کو جن جاتیہ گورو دیوس کے طور پر قومی شناخت دلانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمرگام سے امباجی تک پھیلے قبائلی خطے میں آباد ایک کروڑ 11 لاکھ سے زائد قبائلی افراد کی ہمہ جہت ترقی کے لیے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی قیادت میں ریاستی حکومت پوری طرح پابند عہد ہے۔ تقریب کے آغاز میں وزیر اعلیٰ نے بھگوان برسا منڈا کے مجسمے پر گل پوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے گڑچیرولی میں منعقدہ قومی سطح کی تقریب اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب کا براہ راست نشریہ بھی دکھایا گیا۔ پروگرام میں ارکان پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، اعلیٰ سرکاری افسران اور بڑی تعداد میں قبائلی برادری کے افراد نے شرکت کی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read