Bharat Express DD Free Dish

Bodies of Two Missing SPOs Recovered: جموں و کشمیر کے کشتواڑ میں لاپتہ دو ایس پی اوز کی لاشیں برآمد، جسم پر ملے گولیوں کے نشانات

حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ایس پی اوز کی شناخت رشپال کمار اور بابی چند کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دونوں فوج کے ساتھ گشت پر تھے اور دھرنا پوسٹ کی جانب جا رہے تھے، اسی دوران وہ لاپتہ ہوگئے۔

کشتواڑ: جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع کے مروہ علاقے میں کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد لاپتہ دو اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ دونوں کی رائفلیں بھی غائب پائی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق، ایک اہلکار کے سر اور دوسرے کی پیٹھ پر گولی لگنے کے نشانات ملے ہیں۔ واقعے کی دہشت گردانہ زاویے سے بھی جانچ کی جا رہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ایس پی اوز کی شناخت رشپال کمار اور بابی چند کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دونوں فوج کے ساتھ گشت پر تھے اور دھرنا پوسٹ کی جانب جا رہے تھے، اسی دوران وہ لاپتہ ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتدا میں دونوں کے موبائل فون پر رابطہ ہو رہا تھا، لیکن بعد میں ان کے فون بند ہوگئے۔

دھرنا کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن

دونوں ایس پی اوز کے لاپتہ ہونے کے بعد مروہ کے دھرنا جنگلات میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔ کشتواڑ پولیس اور ہندوستانی فوج نے پورے ضلع میں سکیورٹی سخت کردی۔ کئی مقامات پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کی گئیں اور گاڑیوں سمیت لوگوں کی نقل و حرکت کی سخت جانچ کی گئی۔

مروہ اور دچھن کے جنگلات میں بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے، جنہوں نے لاپتہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن چلایا۔ جنگلات میں مسلسل تلاشی کے ساتھ سخت نگرانی بھی رکھی گئی۔ بالآخر جمعرات کی صبح دھرنا علاقے سے دونوں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں۔

اس سے پہلے بھی ملی تھی ایس پی او کی لاش

قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے 15 اکتوبر کو کشتواڑ کے تریگام میں واقع پولیس پکٹ سے ایس پی او بشیر احمد اپنی سروس رائفل سمیت لاپتہ ہوگئے تھے۔ اگلے روز تریگام جنگل کے سیران وانی علاقے میں ایک نالے کے قریب گڑھے میں دبی ہوئی ان کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

اس معاملے کی جانچ کے دوران پولیس نے دو مشتبہ افراد کی شناخت بشیر احمد ڈار ولد عبدالعزیز ڈار اور نذیر احمد ڈار ولد بشیر احمد ڈار کے طور پر کی تھی۔ دونوں تریگام کے سیران وانی علاقے کے رہنے والے ہیں۔ پولیس نے پوچھ گچھ کے بعد دونوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read