احمد آباد: مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ نے ہفتہ کے روز اپنے چار روزہ دورۂ گجرات کے دوران وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) کے مختلف محکموں کے ساتھ میٹنگ کی اور ریاست سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزیر داخلہ امت شاہ جمعہ کی شام گجرات پہنچے تھے، جہاں انہوں نے وزارت داخلہ کے مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ ریاست سے متعلق موضوعات پر غور و خوض کیا۔
اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی، چیف سکریٹری ایم کے داس اور ریاست کے پولیس سربراہ جی ایس ملک سمیت کئی سینئر افسران شریک ہوئے۔ یہ میٹنگ ان کے دورۂ گجرات کے پروگراموں کا حصہ ہے، جس کے تحت احمد آباد اور گاندھی نگر میں انتظامی جائزہ اجلاسوں اور ترقیاتی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔
دیوالی اور گجراتی نئے سال کے دوران ہو رہا ہے دورہ
امت شاہ کا یہ دورہ دیوالی اور گجراتی نئے سال کی تقریبات کے دوران ہو رہا ہے۔ امکان ہے کہ وہ احمد آباد میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ تہوار منائیں گے اور قیام کے دوران سرکاری و تنظیمی پروگراموں میں بھی حصہ لیں گے۔ دورے کے دوران وہ ریاست کی داخلی سلامتی اور امن و قانون سے متعلق امور پر سینئر سرکاری اور پولیس افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگیں بھی کریں گے۔
کامن ویلتھ گیمز 2030 کی تیاریوں کا بھی جائزہ
ان کے پروگراموں میں احمد آباد میونسپل کارپوریشن (اے ایم سی)، احمد آباد اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (اے یو ڈی اے) اور ریاستی محکمہ داخلہ کے افسران کے ساتھ ایک الگ جائزہ میٹنگ بھی شامل ہے۔ ان اجلاسوں میں 2030 کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں، شہری ترقی اور احمد آباد میں امن و قانون کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔
نئے فوجداری قوانین اور سائبر جرائم پر بھی بات چیت
اطلاعات کے مطابق، جائزہ اجلاس کے ایجنڈے میں تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ، منشیات کی اسمگلنگ اور سائبر جرائم کی روک تھام کے اقدامات اور داخلی سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مختلف ایجنسیوں کے درمیان تال میل بڑھانے جیسے موضوعات بھی شامل ہیں۔
امت شاہ 9 نومبر کو گاندھی نگر لوک سبھا حلقے میں 1024 کروڑ روپے کی لاگت والے 30 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ ان منصوبوں میں رہائش، آبی بنیادی ڈھانچے اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق کام شامل ہیں۔ گجراتی نئے سال کے موقع پر 11 نومبر کو وہ اپنی رہائش گاہ پر بی جے پی عہدیداروں، پارٹی کارکنوں اور خیرخواہوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد ان کی دہلی واپسی کا امکان ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



