ابوظہبی: بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ ابوظہبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیش کے گیندباز حسن محمود نے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن تاریخ رقم کر دی۔
حسن محمود کی تاریخی ہیٹ ٹرک
حسن محمود بنگلہ دیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے تیز گیندباز بن گئے ہیں۔ انہوں نے اننگز کے 83ویں اوور میں مسلسل تین گیندوں پر افغانستان کے بلے بازوں کو آؤٹ کرکے یہ تاریخی اعزاز اپنے نام کیا۔
83ویں اوور کی دوسری گیند پر انہوں نے عصمت عالم کو ایک رن کے اسکور پر کلین بولڈ کیا۔ اس کے بعد اگلی ہی گیند پر انہوں نے قیس احمد کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیج دیا۔ قیس حسن کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد حسن محمود نے اوور کی تیسری گیند پر ضیاء الرحمٰن کو آؤٹ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ضیاء الرحمٰن بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
کپالی اور سوہاگ غازی بھی لے چکے ہیں ہیٹ ٹرک
حسن محمود سے پہلے بنگلہ دیش کے دو دیگر گیندباز ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کر چکے ہیں۔ سابق لیگ اسپنر آلوک کپالی بنگلہ دیش کی جانب سے کرکٹ کے سب سے طویل فارمیٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے گیندباز تھے۔ انہوں نے 2003 میں پاکستان کے خلاف مسلسل تین گیندوں پر تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا تھا۔ اس کے بعد اسپن گیندباز سوہاگ غازی نے 2013 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔
افغانستان کی ٹیم 240 رنز پر ڈھیر
حسن محمود نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے اپنے 21 اوورز کے اسپیل میں 55 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین بولنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن زبردست واپسی کی۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک افغانستان کی ٹیم چار وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنا کر مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی تھی، لیکن پوری ٹیم 240 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
افغانستان نے آخری چھ وکٹیں صرف 29 رنز پر گنوائیں
افغانستان نے اپنے آخری چھ وکٹیں صرف 29 رنز کے اضافے پر گنوا دیں۔ افغانستان کی جانب سے کپتان رحمت شاہ نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ وہ 216 گیندوں کا سامنا کرکے 105 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اپنی اننگز کے دوران انہوں نے 10 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ حسن محمود کے علاوہ بنگلہ دیش کی جانب سے عبادت حسین نے 56 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہدی حسن معراج نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



