Bharat Express DD Free Dish

India-New Zealand: بھارت اور نیوزی لینڈ کا دہشت گردی اور سائبر سکیورٹی میں تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم

بھارت اور نیوزی لینڈ نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد، سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے عالمی امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے علاقائی اور کثیر جہتی فورمز میں باہمی رابطوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مؤقف

بھارت اور نیوزی لینڈ کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں لیڈروں نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی، سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون اور دیگر سلامتی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مکالمے اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ عالمی امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے سرحد پار دہشت گردی سمیت دہشت گردی کی ہر شکل کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے 22 اپریل 2025 کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے اور 10 نومبر 2025 کو نئی دہلی کے لال قلعہ کے قریب پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زور دیا کہ ان حملوں کے ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دہشت گردی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں لیڈروں نے دہشت گردی کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے نیٹ ورک، محفوظ پناہ گاہوں اور آن لائن دہشت گرد ڈھانچے کے خاتمے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی میں ملوث افراد کو جلد از جلد سزا دلانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیر مقدم کیا، جس کے ذریعے معلومات اور تجربات کے تبادلے کے لیے ایک مؤثر فریم ورک قائم ہوگا۔

منظم جرائم کے خلاف بھی مشترکہ حکمت عملی

اعلامیے کے مطابق بھارت اور نیوزی لینڈ نے منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ، مالی جرائم، سائبر جرائم، دہشت گردی سے متعلق جرائم اور انسانی اسمگلنگ جیسے سرحد پار منظم جرائم کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان عملی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ انسداد منشیات تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باقاعدہ تعاون کے انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

ہند۔بحرالکاہل خطے پر مشترکہ سوچ

وزیر اعظم نریندر مودی اور کرسٹوفر لکسن نے ہند۔بحرالکاہل خطے کے حوالے سے اپنے اپنے نقطۂ نظر پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور ایک آزاد، کھلے، پُرامن اور خوشحال خطے کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا، جہاں خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی قوانین کا احترام یقینی بنایا جائے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں لیڈروں نے سمندر کے قانون سے متعلق اقوام متحدہ کے 1982 کے کنونشن کے مطابق بحری جہاز رانی، فضائی پرواز اور سمندروں کے دیگر قانونی استعمال کی آزادی کی دوبارہ توثیق کی۔ انہوں نے تمام تنازعات کو بین الاقوامی قانون کے مطابق پُرامن طریقے سے حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور ہند۔بحرالکاہل خطے میں سلامتی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کو ناگزیر قرار دیا۔

علاقائی فورمز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

دونوں لیڈروں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم کی قیادت میں کام کرنے والے علاقائی فورمز اور دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز میں تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس، آسیان علاقائی فورم اور آسیان وزرائے دفاع اجلاس پلس سمیت مختلف فورمز میں اشتراک عمل بڑھانے پر اتفاق کیا۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے آسیان کے مرکزی کردار اور ہند۔بحرالکاہل سے متعلق آسیان کے نقطۂ نظر کی اہمیت کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read