نئی دہلی : مدھیہ پردیش کےبھوپال شہر کے حساس اور ہائی پروفائل کیس ٹویشا شرما موت معاملے میں اب مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) نے باضابطہ طور پر تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لی ہیں۔ سی بی آئی نے کٹارا ہلز تھانے میں پہلے سے درج مقدمے کو دوبارہ رجسٹر کرتے ہوئے اس حساس اور ہائی پروفائل کیس کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس معاملے میں ڈی ایس پی نشو کشواہا کو تفتیشی افسرمقرر کیا گیا ہے۔ ایف آئی آرمیں شادی کے دن اضافی دو لاکھ روپے جہیز مانگنے کا ذکرسامنے آنے کے بعد کیس مزید سنگین ہو گیا ہے۔ سی بی آئی نے بھوپال پولیس اور ایس آئی ٹی کی کیس ڈائری، میڈیکل دستاویزات اورتمام ڈیجیٹل شواہد اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ منگل کے روزبھوپال ضلع عدالت میں کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) اورسی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ رکھنے سے متعلق ایک اہم سماعت بھی ہونے جا رہی ہے، جس پرسب کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں۔سی بی آئی کی نئی ایف آئی آر میں ٹویشا شرما کی موت سے پہلے کی جو ٹائم لائن سامنے آئی ہے، اس نے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق 9 دسمبر 2025 کو نوئیڈا میں ہندو رسم و رواج کے تحت ہونے والی شادی کے بعد سے ہی ٹویشا کو مسلسل اضافی 20 لاکھ روپے کے لیے ہراساں کیا جا رہا تھا، حالانکہ اس کے خاندان نے اپنی حیثیت سے زیادہ جہیز دیا تھا۔تحقیقات کے مطابق 12 مئی 2026 کی رات ٹویشا نے کئی بار اپنے میکے والوں سے فون پر بات کی تھی۔ رات تقریباً 9 بج کر 41 منٹ پر وہ اپنے خاندان سے واٹس ایپ ویڈیو کال پر بات کر رہی تھی کہ اچانک پس منظر میں شوہر سمرتھ سنگھ کے زور زور سے چیخنے کی آواز سنائی دی اور کال منقطع ہو گئی۔ اس کے بعد اہل خانہ نے متعدد بار فون کیا لیکن کسی نے جواب نہیں دیا۔ آخرکار رات 10 بج کر 35 منٹ پر ساس گیری بالا سنگھ نے فون اٹھا کر صرف اتنا کہا، ’’شی از نو مور‘‘ یعنی ’’وہ اب نہیں رہی‘‘، اور فون کاٹ دیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ پھانسی بتائی گئی ہے، قابل ذکر بات یہ ہے کہ جسم پر کند چیز سے لگنے والی کچھ چوٹوں کے نشانات بھی ملے ہیں، جس سے ممکنہ ہاتھا پائی کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سب سے بڑا سوال پولیس کو اطلاع دینے میں تقریباً سات گھنٹے کی تاخیر پر اٹھ رہا ہے۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ اس دوران ملزم سمرتھ سنگھ اسپتال سے واپس گھر گیا تاکہ پولیس اور فارنسک ٹیم کے پہنچنے سے پہلے شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جا سکے۔تفتیش کے دوران سمرتھ سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ٹویشا بائی پولر ڈس آرڈر کا شکار تھی اور دونوں کے تعلقات شادی کے چند ماہ بعد ہی خراب ہو گئے تھے۔ تاہم اس نے مارپیٹ کے الزامات سے انکار کیا۔ حمل اور اسقاط حمل کے معاملے پر بھی دونوں خاندانوں کے بیانات میں تضاد سامنے آیا ہے۔ادھر ایس آئی ٹی اور فارنسک ٹیم نے ملزم کو ساتھ لے جا کر جائے وقوعہ کا دوبارہ جائزہ لیا اور کئی اہم دستاویزات، شادی کی تصاویر اور واٹس ایپ چیٹس ضبط کیں۔ چونکہ ملزم کی والدہ ریٹائرڈ جج رہ چکی ہیں، اس لیے ابتدا میں کیس دبانے کی کوششوں کی قیاس آرائیاں بھی ہو رہی تھیں، لیکن سی بی آئی کی سخت کارروائی نے واضح کر دیا ہے کہ اس معاملے میں اب ہر پہلو کی گہرائی سے جانچ کی جائے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

