Bharat Express DD Free Dish

Delhi Pollution Alert: دہلی-این سی آر میں گھنے کہرے پر آئی ایم ڈی کی وارننگ، حددنگاہ صفر، دہلی میں اے کیو آئی 500 سے تجاوز

دہلی کی صورتحال کسی ‘گیس چیمبر’ سے کم نہیں ہے۔ ہوا کی رفتار انتہائی کم ہے، اور کئی علاقوں میں اے کیو آئی کی سطح 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اشوک وہار، روہنی، جہانگیر پوری، اور وزیر پور میں اے کیو آئی  کی سطح 500 تک پہنچ گئی ہے۔

نئی دہلی:دہلی-این سی آر اس وقت شدید موسمی اور ماحولیاتی بحران سے گزر رہا ہے۔ ایک طرف خطرناک حد تک پہنچ چکی فضائی آلودگی لوگوں کی سانسوں پر بھاری پڑ رہی ہے، تو دوسری طرف گھنا کہرا اور اسموگ سڑکوں پر آمدورفت کو شدید متاثر کر رہا ہے۔ دارالحکومت کی سڑکیں رات گئے سے ہی دھند کی موٹی چادر میں لپٹی ہوئی ہیں، جب کہ صبح کے اوقات میں کئی علاقوں میں حدنگاہ تقریباً صفر ریکارڈ کی گئی۔ مرئیت 3 میٹر سے کم ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے محکمۂ موسمیات نے دہلی میں گھنے کہرے کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں موسم مزید کروٹ لے سکتا ہے اور درجۂ حرارت میں اچانک گراوٹ دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

دہلی میں اے کیو آئی 500 سے تجاوز

دہلی کی صورتحال کسی ‘گیس چیمبر’ سے کم نہیں ہے۔ ہوا کی رفتار انتہائی کم ہے، اور کئی علاقوں میں اے کیو آئی کی سطح 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اشوک وہار، روہنی، جہانگیر پوری، اور وزیر پور میں اے کیو آئی  کی سطح 500 تک پہنچ گئی ہے۔ قابل ذکربات یہ ہے کہ   تقریباً پوری دہلی میں اے کیو  آئی کی سطح 400 سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ یہ صورتحال ایسی ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں بھی زہریلی ہوا کا شکار ہو سکتے ہیں۔ آج صبح 6 بجے دہلی میں اے کیو آئی کی سطح آنند وہار میں 493، نہرو نگر میں 489، اوکھلا میں 483، آر کے پورم میں 483، اور وویک وہار میں 493 ریکارڈ کی گئی۔

اگرچہ دن کے درجۂ حرارت میں فی الحال کوئی بڑی کمی درج نہیں کی گئی، قابل ذکر بات یہ ہے کہ سردی کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔ اس کی بڑی وجہ دھوپ اب کمزور پڑنے لگی ہے جس کی وجہ  فضا میں مسلسل دھند کی موجودگی ہے۔ اتوار کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت تقریباً 24 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے کچھ زیادہ تھا، جب کہ کم سے کم درجۂ حرارت قریب 8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کی بلند سطح کے باعث ٹھنڈ زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

کہرے کے ساتھ ساتھ شدید آلودگی نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں زہریلا اسموگ چھایا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور گلے کی تکلیف جیسی شکایات بڑھ رہی ہیں۔ خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور دمہ کے مریضوں پر اس کے منفی اثرات نمایاں طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔

پیر کی صبح دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) انتہائی خراب حالت میں ریکارڈ کیا گیا۔ صبح 8 بجے اے کیو آئی 452 درج کیا گیا، جو ’انتہائی سنگین‘ زمرے میں آتا ہے، جبکہ وزیرپور اور روہنی جیسے علاقوں میں اے کیو آئی 500 تک پہنچ گیا، جو نہایت خطرناک سطح سمجھی جاتی ہے۔

بگڑتی صورتحال کے پیش نظر کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (CAQM) نے سخت اقدامات کرتے ہوئے GRAP-4 نافذ کر دیا ہے۔ اس کے تحت تمام ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں بیرونی کھیلوں اور سرگرمیوں پر فوری طور پر پابندی لگائی جائے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بدلتے موسم کے پیش نظر الرٹس پر نظر رکھنے کی اپیل کی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read