Bharat Express DD Free Dish

Bharat Express Urdu Conclave 2025: دہلی میں گنگا جمنی تہذیب کو دیں گے فروغ، تحت بھارت ایکسپریس اردو کانکلیو میں دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کا وعدہ

’بزمِ صحافت‘ کے تحت ’’نئے بھارت کی بات، اردو کے ساتھ‘‘ کانکلیومیں سیاست دانوں کے علاوہ اردوزبان وادب اورصحافت سے وابستہ افراد نے شرکت کی جبکہ آل انڈیا مشاعرہ اور کوی سیمیلن میں ملک کے ممتازشعرائے کرام نے سماں باندھا۔

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت دہلی کے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر، لودھی روڈ میں ’بزمِ صحافت‘ کے تحت اردو اکادمی دہلی، حکومت دہلی کے تعاون سے بھارت ایکسپریس اردوکانکلیوکا شانداراورتاریخی انعقاد کیا گیا۔ اس کانکلیوکا افتتاح دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے کیا۔ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی جبکہ آرٹ، کلچراینڈ لینگویجزکے وزیرکپل مشرا اورآرٹ، کلچراینڈ لینگویجزکی سکریٹری ڈاکٹررشمی سنگھ (آئی اے ایس) بطور مہمان اعزازی شامل ہوئے۔ اس سیشن کی صدارت بھارت ایکسپریس کے چیئرمین، سی ایم ڈی اورایڈیٹران چیف اپیندررائے نے کی جبکہ نظامت کی ذمہ داری بھارت ایکسپریس اردوکے چیف سب ایڈیٹرڈاکٹرنثاراحمد خان نے انجام دیئے۔ سیاسی، ثقافتی وادبی اعتبارسے یہ پروگرام نہایت اہم ثابت ہوا، جس میں ملک بھرسے سیکڑوں کی تعداد میں اردوزبان کے چاہنے والے، ادیب، اسکالرز، صحافی اورطلبہ شریک ہوئے۔ اس موقع پردہلی کے سینئرصحافیوں اورمختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی شخصیات کواعزازسے سرفرازکیا گیا۔ اس کے علاوہ، پروگرام میں کل 6 سیشن رکھے گئے تھے، جن میں افتتاحی تقریب کا آغازصبح 10:30 بجے ہوا۔ افتتاح کے بعد سی ایم ڈی اپیندررائے نے وزیراعلیٰ ریکھا گپتا اوروزیرکپل مشرا کا استقبال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے وزیراعلیٰ ریکھا گپتا سے سوال وجواب کئے۔ ریکھا گپتا نے اردو زبان کے حوالے سے کہا کہ ہم دہلی میں ہندوستانی تہذیب اورثقافت کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دیں گے۔

بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے چیئرمین اورمینیجنگ ڈائریکٹراُپیندررائے نے کہا کہ اردوزبان بہت اچھی اورشیریں زبان ہے، یہ کسی ایک مذہب کی زبان نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے ملک کی زبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو کی جڑیں نہایت وسیع ہیں اوریہ زبان دنیا بھر کے محققین، مسافروں اور تاجروں کے میل جول سے بنی ہے۔ یہ کسی ایک مذہب، کمیونٹی یا علاقے کی زبان نہیں، بلکہ مشترکہ ثقافت کی پہچان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سہارا نیوزنیٹ ورک میں اپنے طویل کیریئرکے دوران ان کا اردوسے گہرا تعلق رہا ہے۔ اپیندررائے نے یاد دلایا کہ 2009 میں سہارا نیٹ ورک سے منسلک ہونے کے وقت تنظیم کی اردو ٹیم بہت مضبوط تھی۔ سہارا گروپ 11 شہروں سے اردو اور7 شہروں سے ہندی کے اخبارات شائع کرتا تھا اورساتھ ہی 7 نیوزچینلز، تین تفریحی چینلزاور’سہارا موشن پکچرز‘ جیسی بڑی پروڈکشن یونٹس بھی ان کے زیرنگرانی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اُس دوران انہوں نے اردو کے کئی الفاظ سیکھے، لیکن اردولکھنے کی مکمل مہارت حاصل نہیں کرپائے، جس کا انہیں ملال ہے۔

دوسرے سیشن میں جشن بہارٹرسٹ کی بانی کامنا پرساد، پدم شری پروفیسراخترالواسع، جشن ادب ساہتیہ اتسوفاونڈیشن کے فاونڈراورشاعرکنوررنجیت چوہان نے شرکت کی۔ ان تینوں شخصیات نے ’’ہندوستان میں اردوزبان کی صورتحال‘‘ کے موضوع پراظہارخیال کیا۔ اس سیشن کی نظامت کی ذمہ داری بھارت ایکسپریس اردو کے ایڈیٹر ڈاکٹرخالد رضا خان نے انجام دیئے۔ تیسرا سیشن ’’ہندوستانی سیاست میں اردو زبان کا رول‘‘ کے موضوع پرتھا، جس میں مرکزی وزیررام داس اٹھاولے اورسابق مرکزی وزیراوربی جے پی کے قومی ترجمان سید شہنواز حسین شامل ہوئے۔ ان سے ڈاکٹر نثار احمد خان اوربھارت ایکسپریس کی سینئررپورٹرکومل شرما پینل مباحثہ کیا۔

شہنوازحسین نے سی ایم ڈی اُپیندررائے اوربھارت ایکسپریس کومبارکباد دی۔ انہوں نے کہا ’’اردوکو فروغ دینے کا کام بھارت ایکسپریس کے ذریعہ کیا جا رہا ہے اوراس کے لیے اپیندررائے صاحب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اب اُردو بول چال کی زبان بن چکی ہے اوراُردو کی مخالفت کرنے والے بھی اُردو بولتے ہیں۔ تاہم، اُردو کی ترقی کے لیے اس طرح کے پروگراموں کی ضرورت ہے۔‘‘

چوتھا سیشن ’’ملک کی تعمیرمیں اردوصحافت کا کردار‘‘ پرتھا، جس کی صدارت پی آئی بی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرڈاکٹرایم ایم شہبازحسیبی، سینئرصحافی اورآل انڈیا ریڈیوکی پروگرام ایگزیکٹیو کاجل سوری اورسینئرصحافی خورشید ربانی نے کی۔ اس میں ڈاکٹرخالد رضا خان، ڈاکٹرشفیع ایوب، نیوز18 اردوکے نیوزاینکرابوہریرہ، بھارت ایکسپریس اردوکے سینئرسب ایڈیٹرڈاکٹرحبیب الرحمٰن اورآل انڈیا ریڈیوکی نیوزریڈرنیتیکا تیاگی نے خطاب کیا۔ نظامت کی ذمہ داری ڈاکٹرنثاراحمد خان نے انجام دی۔

پانچواں سیشن ’’اردوزبان کے فروغ میں اردواکادمی دہلی کا رول‘‘ تھا۔ اس سیشن کی نظامت جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ اردو کے سابق صدرپروفیسراحمد محفوظ، دہلی یونیورسٹی کے شعبہ اردوکے استاد پروفیسرمحمد کاظم اورسابق پرنسپل دہلی گورنمنٹ اسکول اورمحب اردو ڈاکٹرشبانہ نذیرنے انجام دیئے۔ اس سیشن میں ڈاکٹرجاوید حسن، ڈاکٹرندیم احمد، ڈاکٹرممتازعالم رضوی، ڈاکٹرمحمد ثاقب فریدی، ڈاکٹرنثاراحمد خان اورسفیرصدیقی نے اظہارخیال کیا۔ اس سیشن کی نظامت کی ذمہ داری ڈاکٹرحبیب الرحمٰن نے نبھائی۔

کانکلیوکا آخری سیشن آل انڈیا مشاعرہ اورکوی سمیلن پرمشتمل تھا، جس میں ملک کے ممتازرائٹراورشاعرشکیل اعظمی نے صدارت کے فرائض انجام دیئے جبکہ بطورمہمان خصوصی پروفیسررحمٰن مصور(ہندی ڈپارٹمنٹ، جامعہ ملیہ اسلامیہ) اورمہمان اعزازی کے طورپرممتازشاعراقبال اشہرنے شرکت کی۔ نظامت کی ذمہ داری معروف ناظم مشاعرہ معین شاداب نے نبھائی۔ ملک کے الگ الگ حصوں سے شریک شعرا میں انل اگرونشی، اظہراقبال، ممتازنسیم، منیکا دوبے، ڈاکٹرافروزطالب، سریتا جین، ہمانشی بابرا اوراکمل بلرامپوری نے اپنے اشعار کے ذریعہ لوگوں کوشعروادب کا پرستاربنا دیا۔ مجموعی طورپراردو کا ایک شانداراور کامیاب کانکلیومنعقد کیا گیا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read