Urdu Conclave 2026

India’s Real Estate Sector: بھارت کی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ 2047 تک 10 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان

کولیئرس-سی آئی آئی کی رپورٹ میں تیز شہری کاری، حکومتی اصلاحات اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر غیر معمولی ترقی کی پیش گوئی۔ یہ رپورٹ اشارہ کرتی ہے کہ آنے والے دو دہائیوں میں ریئل اسٹیٹ نہ صرف سرمایہ کاری اور روزگار کا اہم ذریعہ بنے گا بلکہ بھارت کی مستقبل کی ترقی کی بنیادوں میں ایک مرکزی ستون کا کردار ادا کرے گا۔

گڑگاؤں: حال ہی میں جاری کردہ کولیئرس اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریئل اسٹیٹ صنعت ایک بڑے اقتصادی انقلاب کے دہانے پر ہے۔ رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ موجودہ تقریباً 0.3 ٹریلین ڈالر کی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ 2047 تک بڑھ کر 5 سے 10 ٹریلین ڈالر کے درمیان ہوسکتی ہے۔ یہ ترقی ملک کی مجموعی معیشت میں ریئل اسٹیٹ کے کردار کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گی اور 2047 تک جی ڈی پی میں اس شعبے کا حصہ 14 سے 20 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔

میگا رپورٹ کا عنوان اور بنیادی نکات

’’Real Estate @2047: Building India’s Future Growth Corridors‘‘ نامی رپورٹ میں رہائشی، تجارتی، صنعتی اور ریٹیل سیکٹر کے ساتھ ساتھ نئے ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے سینئر لیونگ، کو-لیونگ اور ڈیٹا سینٹرز کا بھی مفصل جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں تیزی سے بڑھتی شہری آبادی، انفراسٹرکچر کی توسیع، ٹیکنالوجی کا استعمال اور پائیداری کی جانب بڑھتے رجحانات اس ترقی کے بنیادی محرکات ہوں گے۔

رہائشی شعبے میں سب سے زیادہ اضافہ

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آنے والے برسوں میں رہائشی شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔ شہروں کی جانب آبادی کی تیز منتقلی (اربنائزیشن)، نوجوان آبادی میں اضافے اور رہائشی سہولیات کے بدلتے ہوئے معیارات کی وجہ سے: کم قیمت رہائش، بزرگ شہریوں کے لیے رہائشی منصوبے اور مشترکہ رہائش (Co-living)  جیسے سیکٹرز کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ رجحان خاص طور پر ٹیئر ٹو اور ٹیئر تھری شہروں تک بھی پھیلے گا۔

تجارتی اور صنعتی شعبوں میں تیز رفتار تبدیلی

رپورٹ کے مطابق کمرشل اور انڈسٹریل ریئل اسٹیٹ کو بڑی رفتار ملے گی، کیونکہ ایکسپریس ویز اور صنعتی راہداریوں کا نیٹ ورک تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ڈیجیٹل سروسز اور آٹومیشن میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گرین بلڈنگ اور پائیدار تعمیرات کی پالیسیوں پر زور بڑھ رہا ہے اور اس کے نتیجے میں متعدد نئے کاروباری مراکز اور مینوفیکچرنگ زون ابھرنے کے امکانات پیدا ہورہے ہیں۔

حکومت کی پالیسی اور انفراسٹرکچر کا کردار

سی آئی آئی کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزارت برائے سڑک و ٹرانسپورٹ کی ڈپٹی سکریٹری ہارلین کور نے کہا: ’’ملک بھر میں انفراسٹرکچر کا تیزی سے پھیلاؤ ریئل اسٹیٹ کی جغرافیائی اور معاشی ساخت کو تبدیل کر رہا ہے۔ ایکسپریس ویز اور صنعتی کاریڈور نئے تجارتی مراکز پیدا کریں گے، شہروں کو جوڑیں گے اور چھوٹے شہروں کو بڑے اقتصادی مراکز میں تبدیل کریں گے۔‘‘ یہ رپورٹ اشارہ کرتی ہے کہ آنے والے دو دہائیوں میں ریئل اسٹیٹ نہ صرف سرمایہ کاری اور روزگار کا اہم ذریعہ بنے گا بلکہ بھارت کی مستقبل کی ترقی کی بنیادوں میں ایک مرکزی ستون کا کردار ادا کرے گا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read