Bharat Express DD Free Dish

Bokaro Naxalite Encounter: جھارکھنڈ کے بوکارو میں انکاؤنٹر میں دو نکسلی ہلاک، سی آر پی ایف کا جوان بھی شہید

جھارکھنڈ پولیس نے اس سال ریاست کو نکسل فری بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس سال اب تک پولس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں 16 نکسلی مارے جاچکے ہیں۔

جھارکھنڈ کے ضلع بوکارو میں بدھ (16 جولائی) کی صبح سکیورٹی فورسز نے ایک جھڑپ میں دو نکسلیوں کو ہلاک کر دیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ  اس دوران سینٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) کا ایک جوان بھی شہید ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ گویمیا تھانہ علاقے کے بیرہور ڈیرا جنگل میں صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے سکیورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔ بوکارو کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ہروندر سنگھ نے بتایا کہ انکاؤنٹر کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

بوکارو زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس کرانتی کمار گڈی دیسی نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا:”سکیورٹی فورسز نے انکاؤنٹر کے دوران دو نکسلیوں کو مار گرایا۔ CRPF کی کوبرا بٹالین کا ایک جوان بھی انکاؤنٹر میں شہید ہو گیا۔”

دو انعامی ماؤوادیوں سمیت 6 نکسلی گرفتار

ادھر چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں سکیورٹی فورسز نے دو انعامی نکسلی سمیت 6نکسلیوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس افسران نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع کے کونٹا تھانہ علاقے سے دو نکسلیوں اور بھیججی تھانہ علاقے سے چار نکسلیوں کو گرفتار کیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ ضلع میں جاری نکسل مخالف مہم کے تحت ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (DRG)، ضلع پولیس اور CRPF کی مشترکہ ٹیم روانہ کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم کو دو حصوں میں تقسیم کر کے نیلامڑگو اور پیلاوایا گاؤں کی طرف روانہ کیا گیا۔ افسران نے بتایا کہ ٹیم نے مہم کے دوران کونٹا تھانہ علاقے کے پیلاوایا گاؤں میں گھیراؤ کر کے دو نکسلیوں کنجام مُکا (عمر 37 سال) اور ماڑوی مُیا (عمر 30 سال) کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ کنجام کے سر پر ایک لاکھ روپے، جب کہ ماڑوی پر دو لاکھ روپے کا انعام تھا۔

افسران نے بتایا کہ ان نکسلیوں پر 2023 کے اسمبلی انتخابات کے دوران بَنڈا پولنگ اسٹیشن پر سکیورٹی فورسز پر فائرنگ اور 2024 میں گنگراجپاڑ گاؤں کے رہائشی دیہاتی تاتی بدھرا کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو ان نکسلائیوں کی طویل عرصے سے تلاش تھی۔

جھارکھنڈ پولیس نے اس سال ریاست کو نکسل فری بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس سال اب تک پولس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں 16 نکسلی مارے جاچکے ہیں۔ تقریباً 10 نکسلائیٹس نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ پچھلے سال 2024 میں پولیس نے 244 نکسلیوں کو گرفتار کیا تھا، جب کہ انکاؤنٹر میں 9نکسلی مارے گئے تھے۔ اس کے علاوہ 24 نکسلیوں نے خودسپردگی اور مرکزی دھارے میں واپس آنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہتھیار ڈالنے والوں میں چار زونل کمانڈر، ایک سب جنرل کمانڈر اور تین ایریا کمانڈر شامل تھے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read