سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو۔ (فائل فوٹو)
لکھنؤ: سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ریاست میں بارش کے دوران پیدا ہونے والے آبی جماؤ، خستہ سڑکوں اور صفائی کی ناقص حالت پر بی جے پی کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز، ریاست اور بلدیات میں بی جے پی کی حکومت ہونے کے باوجود عوام کو معمولی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔
شہروں کی حالت بدترین، صفائی کا نظام ناکام
اکھلیش یادو نے اپنے بیان میں کہا کہ برسات کا موسم شروع ہوتے ہی شہروں کی حالت بہت خراب ہو گئی ہے۔ نالے بھر چکے ہیں، نالیاں جام ہو رہی ہیں، سڑکوں پر گڈھے ہیں اور ہر طرف پانی جمع ہو رہا ہے۔ صفائی کا بجٹ کاغذوں پر ہے اور عمل زمین پر ندارد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بلدیاتی حکومتیں صرف رسمی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ زمینی سطح پر عوام کی حالت دگرگوں ہے۔
ٹرپل انجن حکومت ناکام، وعدے بے نقاب
اکھلیش یادو نے بی جے پی کی اس بات پر طنز کیا کہ وہ ’ٹرپل انجن حکومت‘ کے نام پر عوام کو سہولیات دینے کے دعوے کر رہی ہے، لیکن اسمارٹ سٹی، گڈھوں سے پاک سڑکیں اور صاف شہروں کے دعوے سب کاغذی ثابت ہوئے ہیں۔ بی جے پی کی ترقی صرف اشتہاروں میں ہے، زمین پر کچھ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے عوام میں صرف نفرت پھیلائی ہے، ترقی نہیں کی۔
حکومت سنجیدہ نہیں، عوام کو خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے
اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت بارش کی صورت حال کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی، اور اس کی بدانتظامی کا خمیازہ عام شہریوں کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وارانسی، گورکھپور، کانپور اور جھانسی جیسے شہروں میں حالت یکساں خراب ہے اور کوڑے کے ڈھیر اور آبی جماؤ معمول بن چکا ہے۔
2027 میں بی جے پی کا صفایا ہونے کا دعویٰ
اپنی بات کو ختم کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا عوام بی جے پی کی اصلیت کو سمجھ چکے ہیں۔ 2027 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا اترپردیش سے مکمل صفایا ہوگا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

