ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 2025 کا فائنل ایک تاریخی میچ ہونے جا رہا ہے، جس میں دو مضبوط ٹیمیں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے ہوں گی۔ کرکٹ کا مکہ کہے جانے والے لارڈز گراؤنڈ پر یہ میچ آج یعنی 11 جون سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس میچ میں جو بھی ٹیم ٹرافی جیتے گی، نئی تاریخ رقم ہونا یقینی ہے۔
آسٹریلیا جو کہ ڈبلیو ٹی سی کا موجودہ چیمپئن ہے، مسلسل دوسری بار یہ ٹائٹل جیتنے کے ارادے سے میدان میں اترے گا۔ اگر پیٹ کمنز کی قیادت میں کینگرو ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے، تو آسٹریلیا تاریخ کی پہلی ٹیم ہو گی، جس نے دو بار ڈبلیو ٹی سی کا فائنل جیتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقی ٹیم پہلی بار ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں پہنچی ہے اور وہ اس موقع کو ہر گز ضائع نہیں کرنا چاہے گی۔ جنوبی افریقہ اپنی پہلی آئی سی سی ٹرافی جیتنے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ پروٹیز ٹیم نے لگاتار سات ٹیسٹ میچ جیت کر اس فائنل تک کا سفر طے کیا ہے اور پوری ٹیم ایک الگ ہی تال اور اعتماد میں نظر آ رہی ہے۔
کون سی ٹیم جیتے گی؟
آسٹریلوی ٹیم اپنے تجربے کی بنیاد پر یہ فائنل کھیلے گی۔ ٹیم میں چار ایسے گیند باز ہیں ،جو ملک کے ٹاپ 10 ٹیسٹ وکٹ لینے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں نیتھن لیون ہیں، جنہوں نے 553 وکٹیں حاصل کی ہیں، مچل اسٹارک، جنہوں نے 382 وکٹیں حاصل کی ہیں، پیٹ کمنز، جنہوں نے اب تک 294 وکٹیں حاصل کی ہیں اور جوش ہیزل ووڈ جنہوں نے 279 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان تمام گیند بازوں کا تجربہ ٹیم کو کسی بھی دباؤ سے نکال سکتا ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم کا بولنگ یونٹ بھی مضبوط ہے۔ اس ٹیم کے تیز گیند باز کاگیسو ربادا، جنہوں نے 10 ٹیسٹ میچوں میں خواجہ کو 5 بار آؤٹ کر کے پویلین بھیجا ہے، آسٹریلیا کے بیٹنگ آرڈر کو ابتدائی دھچکا دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔
اس فائنل میچ میں اسٹیو اسمتھ بھی بڑا فیکٹر ثابت ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ اسٹیو اسمتھ نے مارچ کے بعد سے کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی ہے، لیکن لارڈز جیسے گراؤنڈ پر ان کی ٹیسٹ اوسط 58 کے لگ بھگ ہے۔ انہوں نے حال ہی میں 10,000 ٹیسٹ رنز کا بڑا ہندسہ مکمل کیا ہے، جو اکیلے ہی پوری جنوبی افریقی ٹیم کے مجموعی رنز کے برابر ہے۔ انہوں نے گزشتہ 5 ٹیسٹ میچوں میں 4 سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ آسٹریلیا کے لیے کچھ کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس پر سوالات ہیں، ایلکس کیری، نیتھن لیون، اسکاٹ بولنڈ، خواجہ اور کونسٹاس جیسے کھلاڑی طویل عرصے سے کرکٹ سے دور ہیں۔
آسٹریلیا کی پلیئنگ ایلون (ڈبلیو ٹی سی فائنل2025 )
عثمان خواجہ، مارنس لیبوشین، کیمرون گرین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، بیو ویبسٹر، الیکس کیری (وکٹ کیپر)، پیٹ کمنز (کپتان)، مچل اسٹارک، نیتھن لیون، جوش ہیزل ووڈ
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون
ٹیمبا باوما (کپتان)، ایڈن مارکرم، ریان رکیلٹن، ویان مولڈر، ٹرسٹن اسٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرن، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، لونگی نگیڈی
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
