لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی
نئی دہلی: مہاراشٹر کے جلگاؤں ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں چار نیپالی شہری بھی شامل ہیں۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے جمعرات کے روز حادثہ کی فوری تحقیقات اور قصورواروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’مہاراشٹر کے جلگاؤں میں ہوئے ہولناک ٹرین حادثے میں کئی لوگوں کی موت اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک اور پریشان کن ہے۔ میں غمزدہ خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں غمزدہ ہوں اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی امید کرتا ہوں۔ حکومت اور انتظامیہ یقینی بنائیں کہ زخمیوں کا بہترین سے بہترین علاج ہو۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’میں کانگریس کارکنوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں انتظامیہ کی مدد کریں۔ آگ کی افواہ کیسے پھیلی اور اتنا خوفناک حادثہ کیسے ہوا اس کی فوری تحقیقات ہونی چاہیے اور قصورواروں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔‘‘
महाराष्ट्र के जलगांव में हुए भीषण ट्रेन हादसे में कई लोगों के मौत और कईयों के घायल होने की ख़बर बेहद दुखद और व्यथित करने वाली है।
शोकाकुल परिवारों के प्रति गहरी संवेदनाएं व्यक्त करता हूं और घायलों के जल्द स्वस्थ होने की आशा करता हूं। सरकार और प्रशासन सुनिश्चित करे कि घायलों का…
— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) January 23, 2025
بتا دیں کہ مہاراشٹر کے جلگاؤں میں لکھنؤ-ممبئی پشپک ایکسپریس ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ کے بعد مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ جس کے بعد کئی مسافر ٹرین سے چھلانگ لگا کر ایک اور آنے والی ٹرین کی زد میں آ گئے۔ جلگاؤں کلکٹر اور ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کی طرف سے پیش کی گئی مہاراشٹر حکومت کی رپورٹ کے مطابق، حادثہ بدھ کی شام تقریباً 5:05 بجے پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کل 13 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں چار نیپالی شہری بھی شامل ہیں۔ 13 مرنے والوں میں سے 7 کی شناخت ہو گئی ہے، جب کہ چھ کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔