نئی دہلی: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں مراکش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو سنسنی خیز پنالٹی شوٹ آؤٹ میں3-2 سے شکست دے کر آخری 16 ٹیموں (پری کوارٹر فائنل) میں جگہ بنا لی۔ مقررہ وقت اور اضافی وقت سمیت 120 منٹ کے کھیل کے بعد دونوں ٹیموں کا اسکور1-1 سے برابر تھا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوا۔ میچ کے 72ویں منٹ میں نیدرلینڈز کے اسٹار فارورڈ کوڈی گاکپو نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ کرسینسیو سمر ویل کی شاندار دوڑ اورعمدہ پاس پر گاکپو نے گیند کو جال میں پہنچایا۔ اس گول کے ساتھ گاکپو ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیدرلینڈز کے لیے چھ گول کرنے والے مشترکہ طور پردوسرے کامیاب ترین کھلاڑی بن گئے۔ اس فہرست میں ان سے آگے صرف جانی ریپ ہیں، جنہوں نے 1974 اور 1978 کے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سات گول کیے تھے۔
میچ کے آخری لمحات میں مراکش نے زبردست واپسی کی۔ انجری ٹائم کے پہلے ہی منٹ، یعنی 91ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی شیمس الدین طالبی کےعمدہ کراس پرمرکزی دفاعی کھلاڑی عیسیٰ دیوپ نے ہیڈر کے ذریعے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا اور اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔مونٹیری اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ مقابلہ پورے 120 منٹ تک سنسنی خیز رہا، تاہم مقررہ وقت اور اضافی وقت میں کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن برتری حاصل نہ کر سکی۔ یوں مسلسل دوسرے ناک آؤٹ میچ کی طرح فاتح کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے کرنا پڑا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں دونوں ٹیموں نے اپنی ابتدائی دو کوششوں میں سے ایک ایک پنالٹی ضائع کی، تیسری کوشش میں دونوں نے کامیابی حاصل کی، جبکہ چوتھی کوشش میں بھی دونوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مرحلے پر مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے نیدرلینڈز کے کرسینسیو سمر ویل کی اہم پنالٹی شانداراندازمیں روک کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔اس کے بعد اسماعیل صیباری نے فیصلہ کن پنالٹی کو کامیابی سے گول میں تبدیل کرتے ہوئے مراکش کو 3-2 کی فتح دلا دی۔ یاسین بونو اپنی بہترین گول کیپنگ کی بدولت شوٹ آؤٹ کے ہیرو ثابت ہوئے اور مراکش کو ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔اس فتح کے ساتھ مراکش نے آخری 16 مرحلے میں رسائی حاصل کر لی ہے، جہاں 5 جولائی کو ہیوسٹن میں اس کا مقابلہ مشترکہ میزبان کینیڈا سے ہوگا۔ مراکش کی یہ کامیابی ٹیم کے عزم، دفاعی مضبوطی اور دباؤ میں بہترین کھیل کی عکاس قرار دی جا رہی ہے، جب کہ نیدرلینڈز کو سخت مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


