نئی دہلی: پاکستان حکومت نے اپنے پہلے فیصلے سے یو ٹرن لیتے ہوئے مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف طے شدہ میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ ہائی وولٹیج مقابلہ 15 فروری 2026 کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے اپیل کی تھی کہ اس کے میچ بھارت کے بجائے کسی اور مقام پر منتقل کیے جائیں، قابل ذکر بات یہ ہےکہ آئی سی سی نے بی سی بی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں شامل کر لیا گیا۔
اس فیصلے کے بعد پاکستان حکومت نے ابتدا میں اپنی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی ہدایت دی تھی، تاکہ بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔قابل ذکر بات یہ ہےکہ جب آئی سی سی نے بھارت کے میچ کے بائیکاٹ کی پاکستان کی دھمکی پر سخت موقف اختیار کیا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ ساتھ سری لنکا کی حکومت نے بھی پاکستان سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی، تو وزیراعظم شہباز شریف نے آخرکار قومی ٹیم کو میچ کھیلنے کی اجازت دے دی۔پاکستان حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی درخواستوں کے پیش نظر 15 فروری کو ہونے والا میچ کھیلنے کی منظوری دی گئی ہے۔ سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ حکومت نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے رسمی خطوط، سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کے حمایت پر مبنی پیغامات کا جائزہ لیا، جن میں موجودہ بحران کا حل تلاش کرنے میں پاکستان کے کردار پر زور دیا گیا تھا۔
بیان میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کے بیان کا بھی حوالہ دیا گیا اور کہا گیا کہ برادر ملک کی جانب سے ظاہر کی گئی قدردانی کو پاکستان نے نہایت گرمجوشی سے قبول کیا ہے۔ حکومت نے اس بات کی توثیق کی کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ اتوار کی شام وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ اس خوشگوار اور دوستانہ بات چیت کے دوران دونوں لیڈروں نے یاد کیا کہ پاکستان اور سری لنکا ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم سے موجودہ تعطل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی درخواست کی۔ پیر کی رات جاری ہونے والے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ کثیر فریقی مشاورت اور دوست ممالک کی اپیلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان حکومت نے پاکستان نیشنل کرکٹ ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں 15 فروری 2026 کو اپنے طے شدہ میچ میں شرکت کرے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

