نئی دہلی :َآئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارتی ٹیم کے دھماکہ خیر اوپنر اور دنیا کے نمبر ون ٹی20 بلے باز ابھشیک شرما کی خراب فارم اب ٹیم اور شائقین دونوں کے لیے تشویش کا سبب بنتی جا رہی ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بھی وہ کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ اس ٹورنامنٹ میں یہ ان کا مسلسل تیسرا گولڈن ڈک رہا، جس نے کرکٹ حلقوں میں حیرت پیدا کر دی ہے۔ شائقین کرکٹ کے لیے سب سے بڑی حیرانی اس بات کی ہے کہ جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہورابھشیک شرما کا بلا عالمی کپ شروع ہوتے ہی مکمل طور پر خاموش نظر آ رہا ہے۔ عام طور پر تیز آغاز دینے والے اس بلے باز سے ٹیم کو بڑی امیدیں وابستہ تھیں، لیکن ابتدائی میچوں میں ناکامی نے ٹیم مینجمنٹ کی فکر بڑھا دی ہے۔
ان کی مسلسل ناکامی پرانگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ تکنیکی کمزوری سے زیادہ ذہنی دباؤ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی بلے باز کے لیے لگاتار تین بار صفر پر آؤٹ ہونا اعتماد کو شدید متاثر کر سکتا ہے۔نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں ابھشیک شرما نے صرف تین گیندوں کا سامنا کیا اور تیسری گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کلین بولڈ ہوگئے۔ ناصر حسین نے کہا کہ جب کوئی کھلاڑی بار بار بغیر رنز بنائے آؤٹ ہوتا ہے تو اس کا اثر براہ راست ذہن پر پڑتا ہے، خاص طور پر ایسے کھلاڑی پر جس سے بڑی اننگز کی توقع کی جاتی ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی بلے باز 10 یا 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو تو صورتحال مختلف ہوتی ہے، لیکن مسلسل صفر پر آؤٹ ہونا کسی بھی بڑے کھلاڑی کے لیے اعتماد میں نمایاں کمی کا سبب بنتا ہے۔ ان کے مطابق یہ وقت خود پر شک کرنے کا نہیں بلکہ ذہنی طور پر مضبوط ہونے کا ہے۔
ناصر حسین نے ابھشیک شرما کو اعتماد بحال کرنے کے لیے ایک عملی مشورہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کو چاہیے کہ وہ چند دن اپنے کمرے میں بیٹھ کر اپنی بہترین بیٹنگ اننگز کے ویڈیوز دیکھیں۔ اپنے تجزیہ کار سے پرانی شاندار پاریوں کی جھلکیاں منگوا کر بار بار دیکھنے سے انہیں یاد آئے گا کہ وہ کتنے خطرناک ہٹر اور باصلاحیت بلے باز ہیں۔ان کے مطابق مثبت یادیں اور کامیاب لمحات دیکھنے سے کھلاڑی کا ذہن منفی دباؤ سے باہر آتا ہے اور اعتماد واپس لوٹنے میں مدد ملتی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ابھشیک شرما جلد اپنی فارم میں واپس آ جاتے ہیں تو بھارتی ٹیم کی بیٹنگ مزید مضبوط ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ پاور پلے میں میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

