نئی دہلی – غیر قانونی بیٹنگ ایپ 1xBet سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بڑی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ کیس میں کئی مشہور شخصیات کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
ای ڈی نے سابق کرکٹر یوراج سنگھ کو 23 ستمبر کو دہلی ہیڈکوارٹر میں پیش ہونے کے لیے سمن بھیجا ہے، جب کہ اداکار سونو سود کو 24 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے۔ کرکٹر رابن اتھپا کو 22 ستمبر کو سمن جاری ہوا ہے۔
کئی مشہور شخصیات سے پہلے ہی ہو چکی ہے پوچھ گچھ
اس معاملے میں ای ڈی پہلے ہی کرکٹرز سریش رائنا اور شیکھر دھون سے پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ بنگالی اداکار انکش ہزارا ای ڈی دفتر میں پیش ہو چکی ہیں، اور ترنمول کانگریس کی سابق رکن پارلیمنٹ میمی چکرورتی سے بھی سوالات کیے جا چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق اداکارہ اروشی روتیلا نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ وہ ای ڈی کی تفتیش میں شامل ہوں گی یا نہیں۔ ایجنسی ان کے جواب کا انتظار کر رہی ہے۔
یوراج اور اتھپا پر کس بات کا الزام ہے؟
ای ڈی کی جانب سے کرکٹر یوراج سنگھ اور رابن اتھپا کو آن لائن بیٹنگ ایپ 1xBet کے پروموشن سے جڑے الزامات کے تحت طلب کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ رابن اتھپا بھارت کی 2007 کی ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا اہم حصہ تھے۔ اُس تاریخی فائنل میں، جس میں بھارت نے پاکستان کو 5 رنز سے شکست دی تھی، اتھپا نے 8 رنز بنائے تھے۔
کیس کیا ہے؟
یہ تفتیش ایک ایسے غیر قانونی آن لائن سٹے بازی ایپ سے جڑی ہے، جس پر الزام ہے کہ اس کے ذریعے کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی کی گئی۔ اس میں نہ صرف سرمایہ کاروں اور عام لوگوں کو لوٹا گیا بلکہ بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب، کمپنی 1xBet کا دعویٰ ہے کہ وہ سٹے بازی کی عالمی صنعت میں 18 سال کا تجربہ رکھتی ہے، اور اس کے پلیٹ فارم سے صارفین ہزاروں کھیلوں پر داؤ لگا سکتے ہیں۔ ان کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ 70 سے زائد زبانوں میں دستیاب ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
