Bharat Express DD Free Dish

Tamil Nadu: وزیراعلیٰ کی حیثیت سے سی جوزف وجے کی پہلی میٹنگ، ریاست میں امن و قانون کی صورتحال کا لیا جائزہ، پہلی سرکاری فائلوں پر کیے دستخط

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال نہیں کریں گے اور ان کی ترجیح تعلیم، سڑکوں، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانا ہوگی۔ انہوں نے خواتین کی سخت سیکورٹی کو یقینی بنانے کا بھی وعدہ کیا۔ حلف لینے کے بعد وجے نے پہلی سرکاری فائلوں پر دستخط کیے، جن میں 200 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی اور منشیات کے خلاف کارروائی و خواتین کی حفاظت کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری شامل ہے۔

چنئی: سی جوزف وجے نے اتوار کو تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے طور پر عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد سکریٹریٹ میں ریاست کی امن و قانون کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ میٹنگ میں چیف سکریٹری ایم سائی کمار، محکمہ داخلہ، شراب بندی اور ایکسائز کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کے منیواسن، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سندیپ رائے راٹھور، وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری پی سنتھل کمار، وزیر اعلیٰ کی سکریٹری جی لکشمی پریا، محکمہ عمومی کی پرنسپل سکریٹری ریتا ہریش ٹھاکر اور دیگر سینئر پولیس افسران شریک ہوئے۔ اس سے قبل اداکار سے سیاستداں بننے والے سی جوزف وجے نے تاریخی انتخابی کامیابی کے بعد چنئی کے فورٹ سینٹ جارج واقع سکریٹریٹ میں باضابطہ طور پر عہدہ سنبھالا۔ ریاست کے گورنر راجندر ارلیکر نے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں وجے اور ان کی کابینہ کے نو وزرا کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔

’یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے‘

وزیراعلیٰ وجے نے حلف لینے کے بعد ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمل ناڈو میں سیکولرازم اور سماجی انصاف پر مبنی حکمرانی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’آئیے ہم سب مل کر تمل ناڈو کو ایک نئی حکومت دیں۔ یہ ایک نئی شروعات ہے، سیکولر اور سماجی انصاف پر مبنی نئے دور کا آغاز ہے۔‘‘ وجے نے کہا کہ ان کی حکومت مکمل شفافیت کے ساتھ کام کرے گی اور تمام فیصلے کھلے انداز میں کیے جائیں گے۔ انہوں نے سابقہ ایم کے اسٹالن حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاستی خزانہ خالی کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’میں تمام معاملات کا جائزہ لینے کے بعد عوام کے سامنے وائٹ پیپر جاری کرنا چاہتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ میری حکومت ایک شفاف حکومت ہو۔ اگر مجھے کسی سے ملنا ہوگا تو میں خفیہ طور پر یا بند کمروں میں ملاقات نہیں کروں گا۔ جو بھی کروں گا، کھلے اور شفاف انداز میں کروں گا۔‘‘ وجے نے دعویٰ کیا کہ سابق حکومت 10 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کے قرض کے بوجھ کے ساتھ اقتدار چھوڑ کر گئی ہے۔

خواتین کی حفاظت اور بنیادی سہولتوں پر زور

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال نہیں کریں گے اور ان کی ترجیح تعلیم، سڑکوں، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانا ہوگی۔ انہوں نے خواتین کی سخت سیکورٹی کو یقینی بنانے کا بھی وعدہ کیا۔ حلف لینے کے بعد وجے نے پہلی سرکاری فائلوں پر دستخط کیے، جن میں 200 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی اور منشیات کے خلاف کارروائی و خواتین کی حفاظت کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری شامل ہے۔ 2026 کے اسمبلی انتخابات میں تملگا ویٹری کزگم نے اپنی پہلی ہی انتخابی مہم میں 108 نشستیں جیت کر ریاستی سیاست میں بڑی تبدیلی پیدا کی۔ وجے جو عوام میں ’تھلاپتی‘ کے نام سے مشہور ہیں، کے سیاسی عروج کا موازنہ سابق وزیر اعلیٰ اور اداکار ایم جی رام چندرن سے کیا جا رہا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read