نئی دہلی: انڈین مسلمس فار سول رائٹس اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے جارحانہ حملے کی شدید، دوٹوک اور غیر مبہم الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور عالمی سفارتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اپنے سخت بیان میں محمد ادیب نے کہا کہ ایک خود مختار ریاست پر عسکری یلغار نہ صرف مشرقِ وسطیٰ کو وسیع جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش ہے بلکہ یہ عالمی امن، علاقائی استحکام اور بین الاقوامی نظام کے لیے نہایت سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طاقت کے زور پر سیاسی مسائل حل کرنے کی پالیسی دنیا کو تباہ کن نتائج کی طرف لے جا رہی ہے اور اگر اسے فوری طور پر نہ روکا گیا تو اس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جائیں گے۔
فوری ہنگامی اجلاس طلب کرے اقوام متحدہ
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ حکمتِ عملی خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بھڑکانے کا سبب بنے گی۔ عالمی برادری کی خاموشی اس عمل کو تقویت دینے کے مترادف ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ فوری ہنگامی اجلاس طلب کرے اور اس کھلی جارحیت کے خلاف مؤثر اور عملی اقدامات اٹھائے تاکہ عالمی قوانین کی بالادستی برقرار رہ سکے۔ محمد ادیب نے اس موقع پر کہا کہ آج کا دور تاریخ کے ان نازک اور فیصلہ کن ادوار میں شمار ہوگا جب امتِ مسلمہ شدید آزمائش، عالمی بے حسی اور سیاسی مصلحتوں کے ماحول سے گزر رہی ہے۔ ایسے حالات میں اگر کوئی مردِ مجاہد اپنی ضعیف العمری کے باوجود حق و صداقت کا عَلَم تنہا بلند رکھتا ہے تو یہ تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 86 برس کی عمر میں بھی ثابت قدمی، استقامت اور جرأت کے ساتھ حق کی آواز بلند کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عزم اور ایمان عمر کے محتاج نہیں ہوتے۔
آنے والی نسلیں اس عہد کو یاد کریں گی
انہوں نے مزید کہا کہ جب دنیا کے کئی طاقتور حلقے خاموشی یا مفادات کی سیاست میں الجھے رہے، تب بھی حق پر قائم رہنے والے افراد نے نہ سر جھکایا اور نہ ہی اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹے۔ آنے والی نسلیں اس عہد کو حیرت اور فخر کے ساتھ یاد کریں گی کہ کس طرح نامساعد حالات میں بھی صداقت کا پرچم بلند رکھا گیا۔ چیئرمین انڈین مسلمس فار سول رائٹس نے امت مسلمہ، عالمی انصاف پسند قوتوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کی کہ وہ اس جارحیت کے خلاف متحد آواز بلند کریں اور جنگ کے بجائے سفارتی حل، مکالمے اور بین الاقوامی انصاف کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ انسانی المیوں، معاشی تباہی اور طویل عدم استحکام کو جنم دیتی ہے۔ اپنے بیان میں محمد ادیب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حق کے لیے کھڑے ہونے والوں کی جدوجہد کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی قربانیوں کو امت کے لیے مشعلِ راہ بنائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ انڈین مسلمس فار سول رائٹس عالمی امن، خود مختاریِ اقوام اور انصاف کے اصولوں کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور ہر قسم کی جارحیت کی بھرپور مخالفت جاری رکھے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

