Bharat Express DD Free Dish

NIA holds its 5th counter-terrorism conference: پہلگام حملے میں سکیورٹی ایجنسیوں کی گہری کارروائی نے ملک کا وقار بڑھایا: امت شاہ

امت شاہ نے تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی اور دہشت گردی کے منظرنامے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مرکز اور ریاستوں کی تمام ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ سائبر جنگ، ہائبرڈ جنگ کے خطرات، کثیر سطحی سکیورٹی نظام اور خفیہ معلومات کے بلا رکاوٹ تبادلے جیسے بین الاقوامی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دیں۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کی دہشت گردی کے تئیں زیرو ٹالرنس کی سخت ہدایات کے درمیان قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کی پانچویں کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس موقع پر این آئی اے نے ہفتہ کے روز بھارت کی انسدادِ دہشت گردی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ مرکزی حکومت نے کانفرنس میں دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کو دہرایا اور ملک کے انسدادِ دہشت گردی نظام کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے خطاب میں ریاستوں کو ہدایت دی کہ وہ بھارت کی انسدادِ دہشت گردی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے لیے یکساں انسدادِ دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) کے ڈھانچے کو فوری طور پر نافذ کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پورے ملک میں مضبوط، یکساں اور ہم آہنگ آپریشنل صلاحیت کے بغیر خفیہ معلومات کا مؤثر استعمال اور مربوط جوابی کارروائی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔

امت شاہ نے پہلگام اور دہلی کے لال قلعہ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں مختلف ایجنسیوں اور ریاستی پولیس فورسز کی کامیاب کارروائیوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام دہشت گرد حملے میں ان ایجنسیوں کی گہری اور مؤثر کارروائی نے ملک کو فخر کا احساس دلایا ہے۔ انہوں نے اس گھناونے حملے میں ملوث تینوں دہشت گردوں کو کامیابی کے ساتھ ٹریک کر کے ہلاک کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی دہشت گردانہ واردات ہے جس میں ہم نے ’آپریشن سندور‘ کے ذریعے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو سزا دی اور ’آپریشن مہادیو‘ کے تحت حملہ انجام دینے والے دہشت گردوں کو مار گرایا۔

انہوں نے اس دوہری کارروائی کو پاکستان میں موجود دہشت گرد سرغناؤں کے خلاف بھارت سرکار، بھارتی سکیورٹی فورسز اور بھارتی عوام کی جانب سے ایک مضبوط اور فیصلہ کن جواب قرار دیا۔

امت شاہ نے تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی اور دہشت گردی کے منظرنامے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مرکز اور ریاستوں کی تمام ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ سائبر جنگ، ہائبرڈ جنگ کے خطرات، کثیر سطحی سکیورٹی نظام اور خفیہ معلومات کے بلا رکاوٹ تبادلے جیسے بین الاقوامی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دیں۔

مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن نے کہا کہ یہ کانفرنس بھارت کی دہشت گردی کے تئیں زیرو ٹالرنس پالیسی کو اجاگر کرنے کا ایک ذریعہ ہے، چاہے وہ سرحد پار دہشت گردی ہو، منشیات سے متعلق دہشت گردی ہو یا سائبر دہشت گردی۔

انہوں نے ملک کو درپیش مختلف خطرات، خاص طور پر انتہاپسندی، بھرتی کے عمل اور کمزور نوجوانوں کے استحصال سے پیدا ہونے والے خطرات کے تئیں مزید چوکنا رہنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read