نئی دہلی: ساہتیہ اکادمی نے ہفتے کے روز وزارت ثقافت، حکومت ہند کی طرف سے شروع کی گئی ’’ایک دیش، ایک دھڑکن‘‘ مہم کے تحت ایک ’’کاویہ سندھیا‘‘ کا انعقاد کیا، جس میں پانچ نامور شاعروں نے اپنی حب الوطنی پر مبنی تخلیقات پیش کیں۔ اس شعری محفل کی صدارت سینئر نغمہ نگار بی ایل گوڑ نے کی۔ اس کے علاوہ بطور شاعر اس میں لکشمی شنکر واجپئی، سریتا شرما، اندرجیت سُکُمار اور تحسین منور شریک ہوئے۔
پروگرام کے آغاز میں ساہتیہ اکادمی کے سکریٹری کے سرینواس راؤ نے سب کا خیرمقدم کیا۔ پھر پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے سب سے پہلے تحسین منور نے اپنی تخلیقات پیش کیں، جن کا آغاز ان اشعار سے کیا:
جو ہم کو ستائے گا، وہ ناشاد رہے گا
دشمن ہمارے ملک کا برباد رہے گا
گلوں کے واسطے چمن کے لیے
ہر گھڑی سوچیے وطن کے لیے
اس کے بعد اندرجیت کمار نے ایک گیت پیش کیا:
کل قطرہ قطرہ دن گزرا
کل لمحہ لمحہ رات ہوئی
باہر سے آنکھیں بھر آئیں
لیکن بھیتر برسات ہوئی
بعد ازاں سریتا شرما نے حب الوطنی پر متشمل کئی مختصر نظمیں نہایت ہی دل کش انداز سے پیش کیں اور اپنی نظموں میں ان احساسات کا اظہار کیا، جو ایک نئی نویلی دلہن اپنے شوہر کے شہید ہونے پر محسوس کرتی ہے۔ وہیں لکشمی شنکر باجپائی نے اپنے دو مکتکوں کے بعد ایک گانا پیش کیا جس کے الفاظ تھے:
اے وطن کے شہیدو! نمن
سر جھکاتا ہے تم کو وطن
آخر میں پروگرام کی صدارت کرنے والے بی ایل گوڑ نے تمام شاعروں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ایک نظم پیش کی، جس میں انھوں نے ملک کے بہادر سپاہیوں کو نئی کہانی لکھنے کی ترغیب دی۔ اس پروگرام کی نظامت اکادمی کے ڈپٹی سکریٹری دیویندر کمار دیویش نے کی۔
ساہتیہ اکادمی نے نکالی ترنگا یاترا
اس کے علاوہ ساہتیہ اکادمی نے اپنے کیمپس میں ترنگا یاترا کا بھی اہتمام کیا، جس میں ساہتیہ اکادمی کے سکریٹری کے سرینواس راؤ سمیت مختلف زبانوں کے ادیبوں، ادب سے محبت کرنے والوں اور دیگر ملازمین نے شرکت کی۔ اس ترنگا یاترا میں سب نے اپنے ہاتھوں میں ترنگا تھاما اور ’’بھارت ماتا کی جے‘‘، ’’جھنڈا اونچا رہے ہمارا‘‘ جیسے نعرے لگائے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


