بھارتی حکومت نے بدھ کے روز راجیہ سبھا کو آگاہ کیا کہ ملک میں اس وقت 200 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 72,218 غیر ملکی طلبہ مختلف کورسز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ سوال و جواب کے وقفے کے دوران وزارت تعلیم کے وزیرمملکت سکانتا مجمدار نے بتایا کہ غیر ملکی طلبہ کی بڑھتی تعداد بھارت کی اعلیٰ تعلیم کے عالمی سطح پر بڑھتی کشش کا ثبوت ہے۔ وزیر نے مزید معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کلاس انسٹی ٹیوشنز اسکیم کے آغاز سے اب تک عوامی شعبے کے 8 تعلیمی اداروں کے لیے 6,198.99 کروڑ روپے منظور کیے جا چکے ہیں، تاکہ انہیں انسٹی ٹیوشن آف ایمیننس (IoE) کا درجہ دے کر عالمی معیار کی تدریسی اور تحقیقی صلاحیتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھارت کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔QS ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں 54 بھارتی ادارے شامل کیے گئے ہیں، جو کہ بھارت کی تاریخ میں سب سے زیادہ نمائندگی ہے۔ واضح رہے کہ 2014-2015 میں، جب مرکز میں موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا، اس وقت صرف 11 ادارے ہی QS رینکنگ میں موجود تھے۔
مجمدار نے کہا:”بھارت میں اس وقت تقریباً 72,218 غیر ملکی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو 200 ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ حکومت غیر ملکی جامعات اور طلبہ کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔”
وزیر نے مزید بتایا کہ اب تک 12 اداروں کو انسٹی ٹیوشن آف ایمیننس کے طور پر نوٹیفائی کیا گیا ہے، جن میں سے 8 سرکاری اور 4 نجی ادارے شامل ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ IoE اسکیم کے تحت صرف سرکاری اداروں کو مالی مدد فراہم کی جاتی ہے۔حکومت نے زور دیا کہ قومی تعلیمی پالیسی (NEP) 2020 کے تحت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، صنعتی و تعلیمی اشتراکات کو فروغ، اور تحقیق و جدت کے ماحول کو مضبوط بنانے جیسے اقدامات سے بھارتی اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
وزارت نے بتایا کہ NEP کی رہنمائی میں کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں بین الاقوامی رینکنگ میں بھارتی اداروں کی موجودگی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ پانچ برسوں میں QS رینکنگ میں شامل بھارتی اداروں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 54 ہو گئی ہے، جو ملک کی تعلیمی ترقی کی بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ ان پالیسی اقدامات کا مقصد بھارتی اعلیٰ تعلیم کو عالمی معیار پر لانا اور زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی طلبہ کو بھارت میں تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

