Bharat Express DD Free Dish

Prime Minister congratulates Divya Deshmukh: وزیر اعظم کی دیویہ دیشمکھ کو تاریخی شطرنج کامیابی پر دی مبارکباد، چین کی نامور اور دنیا کی نمبر 1 کھلاڑی ہوو ایفان کو دی تھی شکست

دیویہ دیشمکھ کی یہ جیت نہ صرف بھارت کے لیے فخر کا مقام ہے بلکہ یہ شطرنج کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک نئی تحریک بھی ہے۔ ان کی لگن، محنت اور عزم مستقبل میں بھارت کو عالمی سطح پر شطرنج میں نمایاں مقام دلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کم عمر اور باصلاحیت ہندوستانی شطرنج کھلاڑی دیویہ دیشمکھ کو لندن میں جاری ورلڈ ٹیم بلٹز چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں عالمی نمبر 1 کھلاڑی ہوو ایفان کو شکست دینے پر دل کی گہرائی سے مبارکباد دی ہے۔

دیویہ دیشمکھ نے بلٹز سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شطرنج کی دنیا میں ایک یادگار کامیابی حاصل کی، جس پر وزیر اعظم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:

“عالمی ٹیم بلٹز چیمپئن شپ، لندن میں بلٹز سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں دنیا کی نمبر 1، ہوو ایفان کو شکست دینے پر دیویہ دیشمکھ کو مبارکباد۔ ان کی کامیابی ان کے جذبے اور عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ بہت سے آنے والے شطرنج کے کھلاڑیوں کو بھی ترغیب دے گی۔ ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات۔” — @narendramodi

وزیر اعظم کا یہ پیغام نہ صرف دیویہ کے غیر معمولی کارنامے کی ستائش ہے بلکہ ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے کو بھی بلند کرنے کی ایک کوشش ہے۔ دیویہ دیشمکھ کی یہ جیت ہندوستان کے شطرنج کے شعبے میں بڑھتی ہوئی عالمی شناخت کی علامت ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی ابھرتی ہوئی نوجوان شطرنج کھلاڑی دیویہ دیشمکھ نے لندن میں منعقدہ ورلڈ ٹیم بلٹز شطرنج چیمپئن شپ میں ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چین کی نامور اور دنیا کی نمبر 1 کھلاڑی ہو ایفان کو شکست دی۔ سیمی فائنل کے پہلے مقابلے میں دیویہ کو ہوو ایفان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن 19 سالہ دیویہ نے دوسرے میچ میں شاندار واپسی کی۔ انہوں نے سفید مہروں سے کھیلتے ہوئے شروعات ہی سے حریف پر دباؤ بنایا اور بلٹز فارمیٹ میں وقت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔ اس تاریخی جیت نے شطرنج کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے اور دیویہ کی کارکردگی کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔

چیس کی دنیا میں ابتدائی سفر

دیویہ دیشمکھ کا جنم 9 دسمبر 2005 کو ناگپور میں ہوا۔ ان کے والد جیتندر اور والدہ نمرتا دونوں ڈاکٹر ہیں۔ دیویہ نے پانچ سال کی عمر میں شطرنج کھیلنا شروع کیا اور 2012 میں سات سال کی عمر میں انڈر-7 نیشنل چیمپئن شپ جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ بعد ازاں انہوں نے U-10 (ڈربن، 2014) اور U-12 (برازیل، 2017) کیٹگری میں ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیتے۔

اعزازات اور کامیابیاں

دیویہ نے کم عمری میں ویمن فیڈے ماسٹر کا خطاب حاصل کیا۔

اکتوبر 2021 تک وہ ویمن گرینڈ ماسٹر بن گئیں، یہ اعزاز حاصل کرنے والی ودربھ کی پہلی اور بھارت کی 22ویں کھلاڑی بنیں۔

2023 میں انہوں نے انٹرنیشنل ماسٹر کا ٹائٹل بھی جیتا۔

دیویہ کو “ورلڈ جونیئر نمبر 1” کے لقب سے بھی جانا جاتا ہے۔

2024 میں انہوں نے ورلڈ جونیئر گرلز U-20 چیمپئن شپ جیت کر 11 میں سے 10 پوائنٹس حاصل کیے۔

انہوں نے 45ویں چیس اولمپياد میں بھارت کو گولڈ میڈل دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ورلڈ ٹیم ریپڈ اینڈ بلٹز چیمپئن شپ کے بلٹز حصے میں دیویہ نے 2600+ پرفارمنس ریٹنگ حاصل کی تھی۔

دیویہ دیشمکھ کی یہ جیت نہ صرف بھارت کے لیے فخر کا مقام ہے بلکہ یہ شطرنج کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک نئی تحریک بھی ہے۔ ان کی لگن، محنت اور عزم مستقبل میں بھارت کو عالمی سطح پر شطرنج میں نمایاں مقام دلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read