نئی دہلی: پی ایم مودی جمعہ کے روز نئی دہلی میں قبرص کے صدر نکوس کرسٹوڈولائڈس کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ ملاقات کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، روابط اور علاقائی امور میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
قبرص کے صدر کا نئی دہلی میں استقبال
قبرص کے صدر نکوس کرسٹوڈولائڈس جمعرات کے روز قومی راجدھانی نئی دہلی پہنچے، جہاں ہوائی اڈے پر مرکزی وزیر مملکت برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں ٹمٹا نے ان کا استقبال کیا۔ وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’قبرص کے صدر نکوس کرسٹوڈولائڈس کا نئی دہلی آمد پر پرتپاک خیر مقدم ہے۔ ممبئی کے دورے کے بعد وہ نئی دہلی پہنچے۔ انہیں رسمی استقبال اور گارڈ آف آنر دیا گیا، جبکہ مرکزی وزیر اجے ٹمٹا نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔”
صدر دروپدی مرمو سے بھی ملاقات ہوگی
قبرص کے صدر نئی دہلی میں دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے۔ صدر مرمو ان کے اعزاز میں سرکاری ضیافت کا اہتمام بھی کریں گی۔ اس دوران ایس جے شنکر جمعہ کی صبح وزیر اعظم مودی سے ملاقات سے قبل قبرصی صدر سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم مودی اور نکوس کرسٹوڈولائڈس کے درمیان اہم ملاقات حیدرآباد ہاؤس میں ہوگی۔
تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور
کرسٹوڈولائڈس نے اپنے بھارت دورے کو ’انتہائی اہم‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود ’بہترین‘ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ممبئی دورے میں اعلیٰ سطحی وفد بھی شامل
نئی دہلی آنے سے قبل قبرصی صدر نے اپنے بھارت دورے کے دوران ممبئی کا بھی دورہ کیا۔ ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے، جس میں قبرص کے وزیر خارجہ کاسٹینسنس، وزیر ٹرانسپورٹ الیکسس، سینئر حکام اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ اس دورے سے بھارت اور قبرص کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید تقویت ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
این ایس ای انڈیا میں خصوصی تقریب
اس سے قبل جمعرات کے روز نکوس کرسٹوڈولائڈس نے نیشنل اسٹاک ایکسچینج (NSE) کے چیئرمین سری نواس انجیتی اور منیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او آشیش کمار چوہان کے ساتھ ممبئی میں این ایس ای انڈیا کی گھنٹی بجائی۔ این ایس ای انڈیا نے ایکس پر کہا، ’’اس دورے کے دوران این ایس ای کیمپس کا معائنہ بھی کرایا گیا، جس کے بعد ہماری قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے مواقع پر بامعنی تبادلہ خیال ہوا۔”
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


