نئی دہلی: ملک میں کاروباری قیادت کو مضبوط بنانے، صنعت و تجارت کے فروغ، اختراع (Innovation) کی حوصلہ افزائی اورکاروباری تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کے مقصد سے ریفاہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آرسی سی آئی) نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سینٹر فار انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ (سی آئی ای) کے اشتراک سے ریفاہ نیشنل بزنس کانکلیو 2026 کا شاندار انعقاد کیا۔ یہ ایک روزہ قومی کانکلیو اتوارکوجامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈاکٹرایم اے انصاری آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں ملک کی 18 ریاستوں اور 50 سے زائد کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد صنعت کاروں، تاجروں، کاروباری شخصیات، پیشہ ور افراد، اسٹارٹ اپ بانیوں، صنعتی ماہرین اور نوجوان کاروباریوں نے شرکت کی۔
یہ کانکلیو نہ صرف کاروباری برادری کے لیے ایک منفرد نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ثابت ہوا بلکہ اس نے ملک بھر کے کاروباری افراد کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے، نئے تجارتی مواقع تلاش کرنے، اسٹریٹجک شراکت داریاں قائم کرنے اور مستقبل کی کاروباری سمت متعین کرنے کا بہترین موقع بھی فراہم کیا۔ افتتاحی اجلاس کا آغاز ڈاکٹر شاد حبیب، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ سوشل ورک، جامعہ ملیہ اسلامیہ، کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد معزز مہمانوں کی گلپوشی اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروفیسر(ڈاکٹر) ریحان خان سوری، سربراہ، سینٹرفارانوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نے تعلیمی اداروں اورصنعت کے درمیان مؤثراشتراک کو وقت کی اہم ضرورت قراردیتے ہوئے کہا کہ یہی تعاون نوجوانوں میں اختراع، کاروباری شعور اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
ریفاہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین ایس امین الحسن نے کانکلیوکے اغراض ومقاصد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریفاہ کا مقصد ملک بھرکے تاجروں، صنعت کاروں، پیشہ ورافراد اور نوجوان کاروباریوں کوایک ایسے قومی پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے، جہاں نیٹ ورکنگ، رہنمائی، تجارتی روابط اورباہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ ترقی کی راہیں ہموار ہوں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے امیرسید سعادت اللہ حسینی، شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنزکے چیئرمین ڈاکٹرعبدالقدیراورایم ایس ایم ای ڈیولپمنٹ اینڈ فیسیلیٹیشن آفس، اوکھلا، نئی دہلی کے جوائنٹ ڈائریکٹرڈاکٹرآرکے بھارتی بطورمہمانانِ خصوصی شریک ہوئے۔
کانکلیو میں معروف صنعت کاروں اور بین الاقوامی کاروباری ماہرین نے بھی اپنے تجربات شرکاء کے ساتھ شیئر کئے۔ ہمالیہ ویلنیس کمپنی کے صدرڈاکٹرایس فاروق نے عالمی معیارکے بھارتی برانڈزکی تعمیرمیں قیادت، اخلاقیات اورجدت کی اہمیت پرروشنی ڈالی، جبکہ بارکو، دبئی کے گلوبل ڈسٹری بیوشن ڈائریکٹرڈاکٹرفیض الرحمن عباسی نے عالمی منڈیوں میں بھارتی کاروبارکے فروغ، بین الاقوامی تقسیم کاری کے نظام اور برآمدی امکانات پر جامع خطاب کیا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رجسٹرار پروفیسرمحمد مہتاب عالم رضوی نے سرپرستانہ خطاب میں ریفاہ اورجامعہ ملیہ اسلامیہ کے اشتراک کوسراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام نوجوان نسل میں کاروباری سوچ، خود انحصاری اوراختراع کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ افتتاحی اجلاس کے بعد ہائی ٹی کے دوران وسیع نیٹ ورکنگ سیشن منعقد ہوا، جہاں مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے کاروباری افراد نے ایک دوسرے سے روابط استوار کیے۔ کانکلیو کی نمایاں سرگرمی انڈسٹری زون انٹروڈکشن تھی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد نے اپنے اداروں اور مصنوعات کا تعارف پیش کیا اور شعبہ وار اشتراک و تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس سیشن نے مختلف ریاستوں کے کاروباری افراد کے درمیان نئی شراکت داریوں اور تجارتی روابط کی راہیں ہموار کیں۔
اس کے علاوہ اسپانسر اداروں نے اپنی جدید مصنوعات اور خدمات کا تعارف پیش کرتے ہوئے مشترکہ کاروباری مواقع پر روشنی ڈالی۔ نماز اور ظہرانے کے بعد پہلے سے طے شدہ بزنس ٹو بزنس (بی 2 بی) ملاقاتیں منعقد ہوئیں، جن میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں، ڈیلرشپ، ڈسٹری بیوشن اور طویل مدتی کاروباری شراکت داریوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ نیو بزنس اینڈ اسٹارٹ اپس کے خصوصی سیشن میں، بالخصوص جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ و طالبات کو کامیاب کاروبار کے قیام، رہنمائی اور ادارہ جاتی تعاون کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کی گئیں۔ اس نشست کی قیادت جناب سید ممتاز منصوری، صدر، ریفاہ کرناٹک، نے کی۔ ایک اور اہم نشست میں کاروباری افراد نے ایکٹو بزنس لیڈز کا تبادلہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دستیاب فوری کاروباری مواقع سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا، جبکہ اپورچونٹی شیئرنگ سیشن میں دہلی سمیت ملک بھر میں سرمایہ کاری، شراکت داری اور نئے کاروباری امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریفاہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے جنرل سیکریٹری جناب مرزا افضل بیگ نے کہا کہ ریفاہ ملک بھر کے تاجروں، صنعت کاروں اور کاروباری افراد کا ایک مضبوط قومی نیٹ ورک قائم کرنے اور جامع معاشی ترقی کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔ ریفاہ دہلی کے صدر جناب سلطان صلاح الدین نے اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے تمام مہمانانِ خصوصی، مقررین، شریک اداروں، اسپانسرز، رضاکاروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ کانکلیو تاریخی کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ کانکلیو کے کنوینر اور ریفاہ تمل ناڈو چیپٹر کے ذمہ دار جناب سید یونس نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ ریفاہ کا نصب العین ملک کے تاجروں، صنعت کاروں، پیشہ ور افراد، اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور صنعتی قائدین کو ایک مضبوط قومی پلیٹ فارم پر متحد کرکے ہندوستان کی سب سے فعال اور مؤثر کاروباری برادری تشکیل دینا ہے۔ کانکلیو کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ باہمی تعاون، اختراع، صنعت و تجارت کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مستقبل میں مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
اس تاریخی کانکلیو کی کامیابی میں اسپانسر اداروں کا نمایاں کردار رہا۔ شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز نے ٹائٹل اسپانسر، السبا انٹرنیشنل نے گولڈ اسپانسر جبکہ FNG، Synergy، Lively Mart، Larron Textures & Paints، Guide Alliance CIE اور Mattress World نے سلور اسپانسرز کی حیثیت سے بھرپور تعاون کیا۔ ان اداروں کی معاونت کے باعث ملک بھر سے سینکڑوں کاروباری قائدین ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوئے اور علم، تجربات اور کاروباری مواقع کا بھرپور تبادلہ ممکن ہو سکا۔ ریفاہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے جوائنٹ سیکریٹری اور ریفاہ نیشنل بزنس کانکلیو 2026 کے چیف کنوینر ڈاکٹر محمد اسلم نے تمام معزز مہمانوں، مقررین، اسپانسرز، شریک اداروں، رضاکاروں اور شرکاء کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانکلیو ریفاہ کے اس قومی وژن کی عملی تعبیر ہے جس کے تحت ملک بھر کے کاروباری افراد کو ایک مضبوط نیٹ ورک کے ذریعے جوڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پلیٹ فارم مستقبل میں مزید مؤثر تعاون، اختراع، سرمایہ کاری، کاروباری ترقی اور پائیدار معاشی استحکام کے لیے ایک مضبوط سنگِ میل ثابت ہوگا۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


