نئی دہلی، 6 فروری 2026: آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے)، نئی دہلی کے شعبۂ روگ ندان و وکرتی وگیان (آر این وی وی) کی جانب سے آج ادارے کے کیمپس میں ناڑی پریکشا کے موضوع پر ایک روزہ قومی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس علمی ورکشاپ میں دہلی این سی آر کے علاوہ ہمسایہ ریاستوں ہریانہ اور اتر پردیش کے 19 آیورویدک میڈیکل کالجوں سے وابستہ اساتذہ اور تحقیقی اسکالرز نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس کی صدارت پروفیسر (ویدیہ) پی کے پرجاپتی، ڈائریکٹر اے آئی آئی اے نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر آر کے یادو، ڈین (پی جی)، ڈاکٹر راجا رام مہتو، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (اے ایم ایس) اور ڈاکٹر وویک اگروال، سربراہ شعبہ آر این وی وی بطورِ خاص موجود رہے۔ معزز مہمانوں نے چراغ روشن کر کے پروگرام کا باضابطہ آغاز کیا۔

اپنے افتتاحی خطاب میں پروفیسر (ویدیہ) پی کے پرجاپتی نے آیوروید میں عملی اور شواہد پر مبنی تشخیصی مہارتوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ناڑی پریکشا اگرچہ ایک قدیم اور روایتی تشخیصی طریقہ ہے، تاہم آج کی جدید کلینیکل پریکٹس میں بھی اس کی اہمیت برقرار ہے۔ ان کے مطابق ناڑی پریکشا کو تعلیمی اور سائنسی بنیادوں پر مزید مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اپنے صدارتی بیان میں انہوں نے ناڑی پریکشا کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سینئر ویدیہ حضرات، جن میں ویدیہ بسنت لاڑ، پروفیسر آر کے سنگھ اور پروفیسر ایم ایس باگول شامل ہیں، کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے ناڑی ترنگنی ایپ جیسی جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کے ذریعے ناڑی پریکشا کے سائنسی توثیق پر بھی زور دیا۔

ورکشاپ میں معروف ناڑی ویدیہ ڈاکٹر سدھا شرما اور ڈاکٹر راجیو شرما نے مہمان مقررین کے طور پر شرکت کی۔ انہوں نے اپنے وسیع کلینیکل تجربات کی روشنی میں ناڑی پریکشا کے عملی مظاہرے پیش کیے اور شرکاء کو ہینڈز آن ٹریننگ فراہم کی۔ سیشنز میں ناڑی کی باریک تشریحی تکنیکوں اور روایتی آیورویدک علم کو جدید تشخیصی نقطۂ نظر کے ساتھ ہم آہنگ کرنے پر خاص توجہ دی گئی۔ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد اساتذہ اور تحقیقی سطح پر ناڑی پریکشا کے عملی پہلوؤں کو فروغ دینا اور اسے مرکزی دھارے کی کلینیکل میڈیسن میں مؤثر طور پر ضم کرنا تھا۔ مکالماتی نشستوں، لائیو ڈیمونسٹریشنز اور کیس بیسڈ مباحثوں کے ذریعے شرکاء نے ایک بامعنی اور مفید تعلیمی تجربہ حاصل کیا۔ یہ علمی اقدام آیورویدک تعلیم میں معیار، صلاحیت سازی اور مستند تشخیصی طریقوں کے قومی سطح پر فروغ کے تئیں اے آئی آئی اے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

