وزارت اطلاعات و نشریات نے پانچ بڑے ہندی نیوز چینلز کو نوٹس جاری کیا ہے۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ یہ چینلز اپنی نشریات میں تقریباً 30 فیصد اردو الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ یہ شکایت 9 ستمبر 2025 کو تھانے (مہاراشٹر) کے رہائشی ایس۔ کے۔ شریواستو نے سی پی گرامز پورٹل پر درج کرائی تھی۔
شکایت کنندہ کا موقف
شریواستو جو خود کو قانونی مشیر بتاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہندی چینلز روزمرہ گفتگو میں ’’تشر یف رکھیے‘‘ یا ’’سیلاب‘‘ جیسے الفاظ بولتے ہیں، جنہیں ایک عام ہندی داں سمجھ نہیں پاتا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’ہندی پڑھنے والے بی اے، ایم اے اور پی ایچ ڈی طلبہ کو بھی روزگار ملنا چاہیے اس لیے چینلز پر زبان کے ماہرین کی تقرری ضروری ہے۔‘‘
وزارت کی ہدایت
18 ستمبر کو وزارت کے انڈر سکریٹری نونیت کمار نے پانچوں چینلز کو خط بھیجا، جس میں الزام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کیبل ٹیلیویژن نیٹ ورک (ترمیمی) قواعد 2025 کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔ چینلز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر وزارت اور شکایت کنندہ کو اپنا جواب بھیجیں۔ یاد رہے کہ مرکز نے جنوری 2025 میں ترمیمی قواعد نافذ کیے تھے، جن کا مقصد ٹیلی ویژن سیکٹر کی جدید کاری اور مؤثر نگرانی ہے۔ ان قواعد کے تحت زبان اور مواد کے استعمال پر بھی سختی کی جا سکتی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
