نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے تنظیمی سطح پر ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بہار حکومت میں وزیر نتن نبین (45 سال) کو پارٹی کا قومی ایگزیکٹو صدر(کارگزار صدر) مقرر کر دیا ہے۔ اس تقرری کو بہار کے ساتھ ساتھ قومی سیاست میں بی جے پی کی اسٹریٹجک مضبوطی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پارٹی قیادت نے ان کے تنظیمی تجربے، زمینی سطح پر مضبوط پکڑ اور انتظامی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اہم ذمہ داری سونپی ہے۔ نیتن نبین بی جے پی کے سب سے کم عمر قومی صدر بن گئے ہیں۔
تقرری فوری طور پر نافذ
یہ تقرری 14 دسمبر 2025 سے فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کی جانب سے باضابطہ تنظیمی حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور ہیڈکوارٹر انچارج ارون سنگھ کے جاری کردہ حکم کے مطابق، یہ تقرری پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے کی ہے۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ بہار حکومت میں وزیر رہتے ہوئے نتن نبین اب قومی سطح پر پارٹی تنظیم کی اہم ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
تنظیمی سفر اور سیاسی شناخت
نتن نبین اس وقت بہار کی نتیش حکومت میں سڑک تعمیرات کے وزیر ہیں اور پٹنہ کی بانکی پور اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔ انہوں نے طلبہ سیاست سے لے کر پارٹی تنظیم کے مختلف عہدوں تک کا طویل سفر طے کیا ہے۔ ان کی شناخت ایک منضبط تنظیم کار اور تیز فیصلے کرنے والے رہنما کے طور پر رہی ہے۔ بہار بی جے پی میں وہ کئی اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، جن میں ریاستی سطح پر پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے کا کردار نمایاں ہے۔
سیاسی پس منظر
نتن نبین کی پیدائش پٹنہ میں ہوئی۔ ان کے والد نوین کشور پرساد سنہا بی جے پی کے سینئر رہنما اور سابق رکن اسمبلی تھے۔ والد کے انتقال کے بعد نتن نبین نے سرگرم انتخابی سیاست میں قدم رکھا اور تھوڑے ہی عرصے میں اپنی الگ پہچان قائم کی۔ سیاست میں آنے سے قبل وہ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ میں بھی سرگرم رہے، جہاں ان کی تنظیمی صلاحیتوں کو پہچان ملی۔
بانکی پور سے مسلسل پانچویں کامیابی
نتن نبین پٹنہ کی بانکی پور اسمبلی نشست سے مسلسل پانچویں بار عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے پہلی بار 2006 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد 2010، 2015، 2020 اور 2025 کے اسمبلی انتخابات میں لگاتار فتح حاصل کی۔ 2025 کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے 98,299 ووٹ حاصل کر کے آر جے ڈی امیدوار ریکھا کماری کو 51,936 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی، جو ان کی اب تک کی سب سے بڑی انتخابی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

