بہار کے اورنگ آباد قصبے میں ہفتہ کی رات دیر گئے ٹاؤن پولیس حدود کے تحت نواڈیہ میں نامعلوم شرپسندوں نے ایک قبر کو توڑنے کے ساتھ ساتھ قبرستان کے دروازے کو آگ لگا دی، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر علاقے میں مسلح پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی ہے۔ رام نومی کے موقع پر علاقے میں جلوس بھی نکالا جانا ہے، اس حوالے قصبے کی امن کمیٹی کے ساتھ پولیس نے میٹنگ بھی کی ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ نامعلوم سماج دشمن عناصر نے قبرستان میں گھس کر ایک قبر کو نقصان پہنچایا۔ شرپسندوں نے قبرستان کے مرکزی داخلی دروازے پر بھی توڑ پھوڑ کی اور اس کو نذر آتش کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ شرپسندی مسلم برادری کے اراکین کو مشتعل کرنے کے مقصد سے کی گئی ہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی تاہم اعلیٰ ضلعی حکام کی بروقت مداخلت سے صورت حال پر قابو پالیا گیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امبریش راہل نے کہا ’’قصبے کے حساس علاقوں میں اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ رام نومی کے موقع پر قصبے میں جلوس نکالے جائیں گے۔ لہٰذا اس سے پہلے سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ایس ڈی پی او) صدر سنجے کمار پانڈے کی قیادت میں امن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی ہے۔ میٹنگ میں موجود افراد نے اقلیتی برادری کے ارکان کی جانب سے روا رکھے جانے والے تحمل کو سراہا۔ ایس ڈی پی او پانڈے نے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ پولیس نے رہائشیوں میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے شہر میں فلیگ مارچ بھی کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
