نئی دہلی—ہندوستان کی زرعی اور پراسیسڈ غذائی مصنوعات کی برآمدات میں رواں مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران 7 فیصد سے زیادہ کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ فنانشل ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اس مدت میں برآمدات 5.96 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جس کی بڑی وجہ چاول، گوشت، پھل اور سبزیوں کی مضبوط برآمد رہی۔
چاول کی برآمد میں مسلسل برتری
چاول (باسمتی اور نان-باسمتی دونوں اقسام) کی برآمدات 3.5 فیصد بڑھ کر 2.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ گزشتہ مالی سال 2024-25 میں چاول کی برآمدات نے 12.47 ارب ڈالر کا ریکارڈ بنایا، جو سال 2023-24 کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ تھا۔ ہندوستان عالمی چاول برآمدات میں 40 فیصد سے زائد حصہ داری رکھتا ہے اور گزشتہ ایک دہائی سے دنیا کا سب سے بڑا چاول برآمد کنندہ بنا ہوا ہے۔
گوشت، دودھ اور مرغی کی برآمد میں زبردست اضافہ
مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں گوشت، ڈیری اور پولٹری مصنوعات کی برآمدات 17 فیصد بڑھ کر 1.18 ارب ڈالر ہو گئیں۔ وہیں پھل اور سبزیوں کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ کے ساتھ یہ 0.95 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ حکام کے مطابق، ہندوستانی بھینس کے گوشت کی عالمی سطح پر مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کی بڑی وجہ اس کا اعلیٰ معیار اور غذائیت ہے۔ ہندوستان اب دنیا کا دوسرا سب سے بڑا بیف برآمد کرنے والا ملک ہے، جس کے اہم خریدار ممالک میں ویتنام، ملیشیا، مصر، عراق، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
اے پی ای ڈی اے کے تحت برآمدات کی مجموعی صورتحال
زرعی و پراسیسڈ فوڈ پروڈکٹس ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (APEDA) کے دائرہ کار میں آنے والی مصنوعات کی برآمدات مالی سال 2024-25 میں 12 فیصد اضافہ کے ساتھ 25.14 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ یہ ملک کی کل زرعی برآمدات کا تقریباً 51 فیصد حصہ بنتی ہیں۔ دیگر زرعی برآمدی اشیاء میں سمندری غذائیں، تمباکو، کافی اور چائے شامل ہیں، جن کا حصہ باقی 49 فیصد ہے۔
زرعی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی عالمی مانگ اور حکومت کی برآمدی پالیسیوں کے باعث ہندوستان نہ صرف دنیا بھر میں اپنی موجودگی مضبوط کر رہا ہے، بلکہ زرعی معیشت کو بھی نئی بلندیوں تک لے جا رہا ہے۔ مستقبل میں چاول اور گوشت جیسی اشیاء ہندوستان کی زرعی برآمدات کی ریڑھ کی ہڈی بنی رہیں گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


