Bharat Express DD Free Dish

India has become innovative powerhouse: جرمن وزیر خارجہ جوہان ویڈفل کا اعتراف: ’’اپنی آنکھوں سے دیکھا، اختراعات کی طاقت بن چکا ہے ہندوستان‘‘

بنگلورو میں ہندوستان کی ٹیکنالوجی صلاحیت کا مشاہدہ، ٹکنالوجی شعبے کی ترقی سے جرمن وزیر خارجہ ہوئے متاثر، دفاع و سلامتی میں تعاون بڑھانے پر زور

نئی دہلی: جرمن وزیر خارجہ جوہان ویڈفل نے اپنے بنگلورو کے دورے میں ہندوستان کے ٹیکنالوجی شعبے کی شاندار ترقی کو قریب سے دیکھا اور کہا کہ برلن اور نئی دہلی باہمی تعاون بڑھا کر بہت فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ہماری معیشتوں کو خاص طور پر اس صورت میں بہت فائدہ ہو سکتا ہے اگر ہم اپنے تعاون کو مزید بڑھائیں۔ میں کل بنگلورو میں تھا اور اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ ہندوستان کس طرح ایک اختراعی قوت اور ٹیکنالوجی کا مرکز بن چکا ہے۔‘‘

ہندوستان کی عالمی اسٹریٹجک اہمیت

جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے طور پر ہندوستان کی عالمی سطح پر ’’خصوصی اور اسٹریٹجک‘‘ اہمیت ہے۔ ان کے مطابق، ’’ایک ابھرتی ہوئی معاشی طاقت کے طور پر ہندوستان کی اس خطے میں خصوصی اہمیت ہے جو اسٹریٹجک نقطۂ نظر سے نہایت اہم ہے۔‘‘

دفاعی تعاون کی ضرورت پر زور

اپنے بھارتی ہم منصب ڈاکٹر ایس جے شنکر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی چیلنجز پر گفتگو کی۔ جرمن وزیر خارجہ نے کہا ’’ہندوستان اور جرمنی کا مقصد قواعد پر مبنی عالمی نظام کو محفوظ رکھنا ہے، جس میں ہندو بحرالکاہل میں سمندری تجارتی راستوں کی آزادی بھی شامل ہے۔ چین کا بڑھتا ہوا جارحانہ رویہ ہمارے لیے تشویش کا باعث ہے۔ ہم دفاع، سلامتی اور اسلحہ سازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’ہم نے مشترکہ فوجی مشقوں، برآمدی لائسنس کے عمل کو تیز کرنے اور بحرالکاہل کی سلامتی کو یورپ کی سلامتی سے جوڑنے پر بھی بات کی۔ روس کی جارحانہ جنگ اس وقت ہماری سلامتی پالیسی کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔‘‘

نئی ٹیکنالوجی میں قائدانہ کردار

جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا آئندہ اے آئی سمٹ کی میزبانی کرنا اس کی اس خواہش اور دعوے کا ثبوت ہے کہ وہ نئی ٹیکنالوجی میں دنیا کے سرکردہ ممالک میں شامل ہو۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان کا اے آئی سمٹ کی میزبانی کرنا اس کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ نئی ٹیکنالوجی میں بھی صف اول میں شامل رہے۔‘‘

دو طرفہ تجارت میں اضافہ

تجارت کے حوالے سے جوہان ویڈفل نے کہا کہ ’’ہندوستان اور جرمنی پہلے ہی ’پریمیئر لیگ‘ میں کھیل رہے ہیں۔ جرمنی کے ساتھ تقریباً 31 ارب یورو کی تجارت کے ساتھ، ہندوستان ہمارا سب سے اہم تجارتی شراکت دار ہے۔ ہمارا مقصد اس تجارت کو دوگنا کرنا ہے اور خوشی ہے کہ ہندوستان بھی اس ہدف کے بارے میں مثبت سوچ رکھتا ہے۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read