ایس پی راکیش مشرا
میرٹھ: اترپردیش کی میرٹھ پولیس نے جمعرات کے روز ایک سنسنی خیز قتل کیس کا انکشاف کیا ہے۔ یہ معاملہ اکبر پور سادات گاؤں میں ایک نوجوان امت مکی کی مشتبہ موت سے متعلق ہے۔ پولیس کے مطابق بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا۔ پولیس نے معاملے کے ملزمان رویتا اور امردیپ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس پی راکیش مشرا نے کہا کہ امت کے قتل کی سازش رویتا اور امردیپ نے ایک ہفتہ قبل رچی تھی۔ واقعہ کی رات (12 اپریل) رویتا اپنے شوہر امت کے ساتھ شاکمبری گئی تھی۔ واپس آتے وقت اس نے اپنے عاشق امردیپ کو بلایا اور اسے سانپ کا بندوبست کرنے کو کہا۔ رات کو امردیپ نے ایک سَپیرے سے ایک وائپر سانپ ایک ہزار روپے میں خریدا اور اسے اپنے بیگ میں چھپا کر لے آیا۔ پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ رویتا نے امت کا گلا دبا کر اس کا قتل کیا۔ اس کے بعد چارپارئی سے اتار کر لاش کو فرش پر رکھ دیا اور سانپ کو لاش کے قریب چھوڑ دیا تاکہ سانپ کے ڈسنے سے موت کا وہم پیدا ہو سکے۔
ایس پی کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ امت کی موت گلا دبانے سے ہوئی۔ ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ سانپ کے کاٹنے کے نشانات موت کے بعد کے تھے۔
ایس پی نے کہا، ’’پولیس تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ رویتا اور امردیپ ایک سال سے محبت میں تھے۔ دونوں ایک ہی گاؤں کے رہنے والے ہیں اور ٹائلس لگانے کا کام کرتے ہیں۔ اس دوران دونوں میں دوستی ہو گئی اور بعد میں محبت ہو گئی۔ امت کو ان کے رشتے کا علم ہوا اور اس کی مخالفت کی۔ رویتا نے کہا کہ قتل کا خیال ان کا تھا۔ واردات سے پہلے رات میں امت اور رویتا کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ اسی رات رویتا نے امردیپ کو بلایا اور سازش کو انجام دیا۔
ایس پی مشرا نے بتایا کہ سانپ کو لانے والے سپیرے کی شناخت کی جا رہی ہے۔ پولیس اس بات کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ سانپ کو کس طرح قابو کیا گیا اور رات بھر اسے کیسے سنبھالا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں اس سازش میں کسی اور کے ملوث ہونے کے بارے میں کوئی جانکاری سامنے نہیں آئی۔ ایس پی نے کہا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیس کے تمام پہلو سامنے آئیں گے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


