شمالی ہند میں سردی کا مزاج ایک بار پھر بدلنے والا ہے۔ دہلی-این سی آر میں پیر کی صبح اگرچہ آسمان صاف دکھائی دیا اور کہر ےسے وقتی راحت ملی، لیکن محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق یہ صورتِ حال محض ’’طوفان سے پہلے کی خاموشی‘‘ ہے۔ دراصل پہاڑی علاقوں میں سرگرم ہو رہے دو مغربی ہوائی دباؤ (ویسٹرن ڈسٹربینس) میدانی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ اس کا براہِ راست اثر دہلی، اتر پردیش اور بہار سمیت پورے شمالی ہند پر پڑنے والا ہے۔
دہلی میں آسمان صاف، مگر سردی برقرار
دارالحکومت دہلی میں گزشتہ چند دن سے چھایا ہوا گھنا کہر ا پیر کی صبح چھٹ گیا، جس سے دھوپ نکلنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ تاہم درجۂ حرارت بدستور کم رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دہلی کا کم از کم درجۂ حرارت 7 سے 9 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اگلے تین سے چار دن میں شدید سردی میں بہت زیادہ اضافہ متوقع نہیں، لیکن 23 جنوری کے آس پاس موسم ایک بار پھر کروٹ لے سکتا ہے۔ اس دوران ہلکی بوندا باندی اور 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہوائیں دہلی والوں کی مشکلات میں اضافہ کر سکتی ہیں۔
یوپی اور بہار میں ’کولڈ ڈے‘ کا الرٹ
دہلی کے مقابلے میں اتر پردیش اور بہار کی صورتِ حال زیادہ سنگین بنی ہوئی ہے۔ یہاں لوگوں کو کہرےاور سرد لہر سے فوری راحت ملتی دکھائی نہیں دے رہی۔ آئی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ اگلے دو سے تین دنوں تک اتر پردیش کے مشرقی اور مغربی حصوں میں ’’انتہائی گھنا کہرا‘‘ چھایا رہے گا۔ بہار میں بھی حدِ نگاہ (ویژیبِلٹی) بہت کم رہنے کا امکان ہے، جس سے سڑک اور ریل کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان ریاستوں میں 21 جنوری تک ’کولڈ ڈے‘ کی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، یعنی دن کے وقت بھی دھوپ نہیں نکلے گی اور سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
پہاڑوں پر برفباری، میدانوں میں بارش
موسم میں اس تبدیلی کی بنیادی وجہ پہاڑی علاقوں میں آنے والے دو مغربی ہوائی دباؤ ہیں۔ پہلا 19 جنوری کی رات اور دوسرا 21 جنوری کی رات سے شمال مغربی بھارت پر اثر دکھانا شروع کریں گے۔ ان کے باعث جموں و کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش میں اچھی خاصی برفباری اور بارش کا امکان ہے۔ پہاڑوں پر ہونے والی یہ برفباری جب میدانی علاقوں کی جانب ٹھنڈی ہوائیں بھیجے گی تو پنجاب، ہریانہ اور راجستھان میں درجۂ حرارت مزید گر سکتا ہے۔
احتیاط ہی بچاؤ
ماہرینِ موسمیات کے مطابق اگرچہ دہلی میں اس وقت کہر میں کمی نظر آ رہی ہے، لیکن اتر پردیش، بہار اور اوڈیشہ جیسے ریاستوں میں سرد لہر کا اثر برقرار رہے گا۔ 23 جنوری کے بعد کم از کم درجۂ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری تک اضافہ ممکن ہے، جس سے رات کی سردی میں کچھ کمی آئے گی، تاہم بارش اور تیز ہوائیں دن کے سکون کو متاثر کر سکتی ہیں۔
ایسے میں مشورہ یہی ہے کہ اگر آپ صبح سویرے یا دیر رات سفر کر رہے ہوں تو کہرے کے پیشِ نظر انتہائی احتیاط برتیں۔ بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھیں، کیونکہ آنے والے چند دن شمالی بھارت کے لیے خاصے ’’سرد‘‘ ثابت ہونے والے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
