معروف ٹیلی کام کمپنی ایریکسن نے پیر کے روز بھارت میں تیار کردہ اپنا پہلا اینٹینا ماڈل عالمی منڈیوں کے لیے متعارف کرا دیا۔ کمپنی کے مطابق یہ اینٹینا جون سے تجارتی طور پر دستیاب ہوگا، جب کہ اس کی بین الاقوامی برآمدات جولائی سے شروع ہوں گی۔ یہ اعلان مرکزی وزیر برائے مواصلات و شمال مشرقی خطے کی ترقی، جیوترادتیہ سندھیا کی موجودگی میں کیا گیا۔ انھوں نے اس موقع کو بھارت میں ٹیلی کام مینوفیکچرنگ انقلاب کی شروعات قرار دیا۔ مرکزی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ایریکسن حکومت ہند کے ’100 فائیو جی یوز کیس لیبز‘ منصوبے میں بھی شراکت دار ہے اور آئی آئی ٹی مدراس و دیگر اداروں کے ساتھ بھی شراکت داری کر رہی ہے۔
وہیں ایریکسن نے بھارت میں اینٹینا تیار کرنے، مقامی وسائل استعمال کرنے اور انجینئرنگ کے مکمل نظام کو فروغ دینے کے لیے ایک سال قبل کام شروع کیا تھا۔ کمپنی اب بھارت میں اپنے انجینئرنگ نظام کو مزید وسعت دے رہی ہے تاکہ مقامی ضروریات کے مطابق مصنوعات بنائی جا سکیں اور عالمی مانگ کو پورا کیا جا سکے۔
ہم بھارت میں مکمل اینٹینا ایکو سسٹم تیار کرنے کے لیے پرعزم ہیں: میکائل ایریکسن
کمپنی کے مطابق بھارت میں تیار ہونے والے اینٹینا ایریکسن کے سخت عالمی معیار پر پورے اتریں گے اور مقامی و بین الاقوامی صارفین کی ضروریات پوری کریں گے۔ ایریکسن انٹیینا سسٹم کے سربراہ میکائل ایریکسن نے کہا کہ ’’ہم بھارت میں مکمل اینٹینا ایکو سسٹم تیار کرنے کے لیے پرعزم ہیں، جس میں مقامی سورسنگ، پیداوار اور انجینئرنگ شامل ہیں۔ یہ سرمایہ کاری صلاحیت، ٹیلنٹ اور ٹیکنالوجی میں ایک طویل مدتی عزم ہے۔‘‘
دریں اثنا ایریکسن انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر نتن بنسل نے کہا کہ بھارت تیزی سے ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ اور اختراع کا عالمی مرکز بن رہا ہے اور ایریکسن کی سرمایہ کاری نہ صرف ملک کے ٹیلی کام ڈھانچے کو مضبوط کرتی ہے بلکہ ایک مستحکم اور مستقبل کے لیے تیار ایکو سسٹم بنانے میں بھی مدد دیتی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
