نئی دہلی: دہلی-این سی آر میں پیر کی صبح سے ہی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ بارش کا سب سے زیادہ اثر گروگرام میں دیکھنے کو ملا، جہاں متعدد مقامات پر شدید آبی جماؤ کے باعث ٹریفک کی رفتار انتہائی سست ہوگئی۔ صورتحال کے پیش نظر گروگرام انتظامیہ نے 25 اگست کو کارپوریٹ دفاتر کے ملازمین کو ورک فرام ہوم کی سہولت اختیار کرنے کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسکولوں کو بھی آن لائن کلاسز چلانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بارش کے بعد گروگرام کے کئی اہم علاقوں میں سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔ دہلی-گروگرام ایکسپریس وے سمیت اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ سوہنا روڈ پر کئی گھنٹوں تک زبردست ٹریفک جام لگا رہا، جس میں اسکول کے طلبہ سمیت بڑی تعداد میں لوگ پھنسے رہے۔
گروگرام کے کئی علاقوں میں شدید آبی جماؤ
ضلع انتظامیہ کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے تک گروگرام میں تقریباً 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نرسنگھ پور، ہیرو ہونڈا چوک، راجیو چوک، افکو چوک، ریلوے روڈ، سیکٹر 5، اولڈ دہلی روڈ، مہرولی روڈ اور بسائی روڈ سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ نہارپور انڈر پاس بھی پانی سے بھر گیا۔ راجیو چوک کے آس پاس کئی گاڑیاں کافی دیر تک پانی میں پھنسی رہیں، جبکہ سوہنا روڈ پر اسکول بسوں اور ایمبولینسوں کو بھی آبی جماؤ کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
آبی جماؤ کے باعث کئی گھنٹے ٹریفک جام
پانی بھری سڑکوں کے باعث پرانے گڑگاؤں کے کئی علاقوں میں دوپہر تک ٹریفک جام کی صورتحال برقرار رہی۔ صدر بازار، گرودوارہ روڈ اور اولڈ دہلی روڈ سمیت متعدد مقامات پر گاڑیوں کی رفتار انتہائی سست رہی۔ ٹریفک پولیس کے ایک سینئر افسر کے مطابق سرہول بارڈر، راجیو چوک، نرسنگھ پور اور دیگر مقامات پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا۔ شدید بارش اور خراب موسم کا اثر دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی پڑا۔ ایک افسر کے مطابق پیر کو خراب موسم کی وجہ سے کم از کم 15 پروازوں کو ڈائیورٹ کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ کئی پروازیں تاخیر سے چلیں، جبکہ کچھ پروازیں منسوخ بھی کی گئیں۔
دہلی-این سی آر میں ریڈ اور اورنج الرٹ
محکمہ موسمیات نے دہلی-این سی آر میں آندھی، گرج چمک اور شدید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ خاص طور پر جنوب مشرقی دہلی، مشرقی دہلی، شاہدرہ اور وسطی دہلی میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ مغربی دہلی، شمال مغربی دہلی اور شمالی دہلی میں بھی گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہوا کی رفتار 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے دہلی-این سی آر میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ لوگوں کو آبی جماؤ والے علاقوں میں جانے سے بچنے، درختوں کے نیچے پناہ نہ لینے اور آبی ذخائر کے قریب نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



