پٹنہ– بہار میں اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی گہما گہمی اپنے عروج پر ہے۔ ایسے میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے ریاست کے تمام گھریلو صارفین کو ہر ماہ 125 یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اسکیم یکم اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگی اور جولائی کے بل سے ہی اس کا فائدہ ملنا شروع ہو جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ایک کروڑ 67 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔
نتیش کمار کا دعویٰ
نتیش کمار نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا ہم لوگ شروع سے ہی سستی بجلی مہیا کراتے رہے ہیں۔ اب طے کیا گیا ہے کہ تمام گھریلو صارفین کو 125 یونٹ تک بجلی بالکل مفت دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ آئندہ تین برسوں میں صارفین کے گھروں یا قریبی مقامات پر سولر پلانٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ ریاست توانائی کے شعبے میں خودکفیل بن سکے۔ حکومت نے 10 ہزار میگاواٹ سولر توانائی کے حصول کا ہدف بھی طے کیا ہے۔
اپوزیشن کا ردعمل، تیجسوی یادو کا طنز
اس اعلان پر اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر طنزیہ انداز میں لکھا کہ جن کے پاس نہیں ہے اپنا کوئی وژن، انہیں پھر سے اقتدار میں لانے کا نہیں ہے کوئی ریزن؟ اس کے ساتھ تیجسوی نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے وعدے لکھ رہے ہیں، جن میں مفت بجلی بھی شامل ہے، اور پیچھے نتیش کمار دوربین سے کچھ تلاش کرتے نظر آ رہے ہیں۔ یہ تصویری طنز براہ راست نتیش حکومت کی پالیسیوں پر سوال اٹھاتا ہے۔
जिनके पास नहीं है अपना कोई विजन
उन्हें फिर से सत्ता में लाने का नहीं है कोई रीजन?#TejashwiYadav #Bihar #RJD pic.twitter.com/QLuexJLzhh— Tejashwi Yadav (@yadavtejashwi) July 17, 2025
تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ این ڈی اے حکومت اب ہماری پالیسیوں کی نقل کر رہی ہے۔ ہم نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ اگر ہماری حکومت بنی تو ہر ماہ 200 یونٹ بجلی مفت دیں گے۔ ان کے مطابق یہ اعلان صرف ایک انتخابی حربہ ہے جس کا مقصد عوام کو وقتی طور پر لبھانا ہے، جبکہ حکومت کے پاس کوئی ٹھوس وژن یا طویل مدتی منصوبہ بندی موجود نہیں ہے۔
حکومت کا دفاع، اسکیم دوراندیشی پر مبنی فلاحی اقدام
دوسری طرف حکومت کے حامیوں اور این ڈی اے اتحاد کی جماعتوں نے اس اسکیم کو دوراندیشی پر مبنی فلاحی اقدام قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف عوام کو ریلیف دے گا بلکہ بہار کو توانائی کے شعبے میں خودکفیل بنانے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔ انتخابی موسم میں یہ اعلان بہار کی سیاست میں ایک نئے مناظرے کا آغاز بن گیا ہے۔ عوامی رائے اس بات پر منقسم ہے کہ آیا یہ فیصلہ واقعی فلاحی ہے یا صرف سیاسی چال۔ تاہم یہ طے ہے کہ آئندہ انتخابات میں مفت بجلی ایک مرکزی انتخابی موضوع بننے جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


