رائے پور: چھتیس گڑھ کے ضلع سکتی میں منگل کی دوپہر ایک دردناک صنعتی حادثہ پیش آیا، جہاں سنگھیترائی علاقے میں واقع ویدانتا پاور پلانٹ میں بوائلر پھٹنے سے کم از کم 10 مزدور ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔ اس حادثے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ کر راحت و بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہو گئیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ پرفل ٹھاکر کے مطابق بوائلر دھماکہ اچانک ہوا، جس کے باعث وہاں کام کر رہے کئی مزدور شدید جھلس گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق 18 زخمی مزدوروں کو جندل فورٹس اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جبکہ تین دیگر کو رائے گڑھ میڈیکل کالج اسپتال بھیجا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ کئی مزدور اس کی زد میں آ کر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ دیگر شدید زخمی ہو کر زمین پر گر پڑے۔ ایک مزدور نے بتایا کہ دھماکہ تقریباً 3 بج کر 20 منٹ پر ہوا اور اس کے بعد کچھ وقت تک زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے مناسب انتظامات نہیں تھے۔ اس نے الزام لگایا کہ حادثے کے بعد ٹھیکیدار اور کچھ افسران موقع سے غائب ہو گئے تھے۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی تکلیف دہ حادثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ حکومت کی مکمل ہمدردی ہے اور زخمیوں کے بہتر علاج کے لیے تمام ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ اس حادثے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ جانچ کرائی جائے گی اور جو بھی اس میں قصوروار پایا گیا، اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ موقع پر موجود ہے اور راحتی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
सक्ती जिले में सिंघीतराई स्थित ‘वेदांता पावर प्लांट’ में बॉयलर फटने से हुई भीषण दुर्घटना की सूचना अत्यंत दुःखद एवं पीड़ादायक है।
इस दुर्घटना में कुछ श्रमिकों के निधन और घायल होने का समाचार अत्यंत व्यथित करने वाला है। मेरी गहरी संवेदनाएँ शोकाकुल परिजनों के साथ हैं। ईश्वर से…
— Vishnu Deo Sai (@vishnudsai) April 14, 2026
ادھر اس واقعے پر سیاسی ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر بھُوپیش بگھیل نے اس حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے متاثرین کے لیے مناسب معاوضے اور زخمیوں کے بہتر علاج کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ٹی ایس سنگھ دیو نے بھی اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ بوائلر دھماکے میں مزدوروں کی جانوں کا ضیاع نہایت افسوسناک ہے۔ یہ حادثہ ایک بار پھر صنعتی سلامتی کے معیارات پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید سخت بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ مستقبل میں اس طرح کے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



