پی ایم مودی نے فلم انڈسٹری کی پانچ عظیم شخصیات کے نام پر جاری کیا ڈاک ٹکٹ
ممبئی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز ممبئی کے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں پہلی ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (WAVES) کا افتتاح کیا۔ اسی کے ساتھ ہندوستانی سنیما کی پانچ عظیم شخصیات گرو دت، پی بھانومتی، راج کھوسلہ، رتوک گھٹک اور سلیل چودھری پر یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔
گرو دت
گرو دت کا اصل نام وسنت کمار شیوشنکر پدوکون تھا۔ ان کا انتقال 10 اکتوبر 1964 کو ہوا۔وہ ہندی فلموں کے مشہور اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر تھے۔ انہوں نے 1950 اور 1960 کی دہائیوں میں کئی بہترین فلمیں بنائیں، جن میں ’پیاسا‘، ’کاغذ کے پھول‘، ’صاحب بی بی اور غلام‘ اور ’چودھویں کا چاند‘ شامل ہیں۔ انہیں ’اورسن ویلز آف انڈیا‘ بھی کہا جاتا ہے۔ دراصل، اورسن ویلز ایک مشہور امریکی فلم ڈائریکٹر، اداکار، مصنف اور پروڈیوسر تھے۔ انہیں 20ویں صدی کے سب سے بااثر اور انقلابی فلم سازوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
پی بھانومتی
پی بھانومتی ایک بھارتی اداکارہ، فلم پروڈیوسر، ہدایت کار، گلوکار اور میوزک کمپوزر تھیں۔ ان کا انتقال 24 دسمبر 2005 کو ہوا۔ انہوں نے 80 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ انہیں تیلگو سنیما کی پہلی خاتون سپر اسٹار سمجھا جاتا ہے۔ وہ تیلگو سنیما کی پہلی خاتون ڈائریکٹر بھی تھیں۔ انہوں نے 1953 میں ’چندی رانی‘ بنائی۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں تیلگو اور تمل زبانوں کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ انہیں 2001 میں ہندوستانی سنیما میں ان کی شراکت کے لئے پدم بھوشن سے نوازا گیا۔
راج کھوسلہ
راج کھوسلہ نے ہندوستانی سنیما کو ایک مختلف سمت دی۔ ان کی آمد سے ہندی سنیما میں بہت بڑی تبدیلیاں آئیں۔ وہ اپنی فلموں میں اداکاراؤں کو مضبوط کردار دیا کرتے تھے۔ انہوں نے ’سی آئی ڈی‘، ’ایک مسافر‘، ’ایک حسینہ‘، ’وہ کون تھی؟‘، ’میرا سایا‘، ’دو راستے‘، ’میرا گاوں میرا دیش‘، ’میں تلسی تیرے آنگن کی‘، ’دوستانہ‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں دیں۔ وہ 9 جون 1991 کو دنیا کو الوداع کہہ گئے۔
رتوک گھٹک
رتوک گھٹک جتنے اچھے پروڈیوسر اور ماہر اداکار تھے اتنے ہی ماہر اسکرین رائٹر تھے۔ انہوں نے شیکسپیئر کی ’میک بیتھ‘ کا ترجمہ اور پرفارم کیا۔ انہوں نے ہندوستانی سنیما کو چند بہترین فلمیں دیں، جن میں ’میگھ ڈھاکہ تارا‘، ’کومل گندھار ای فلیٹ‘، ’اجانترک‘، ’سوورناریکھا‘ اور کئی دیگر فلمیں شامل ہیں۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی پر ایک مختصر فلم بھی بنانا شروع کی تھی، لیکن مالی مسائل کی وجہ سے یہ ادھوری رہ گئی۔ وہ 6 فروری 1976 کو دنیا کو الوداع کہہ گئے۔
سلیل چودھری
سلیل چودھری ایک ہندوستانی میوزک ڈائریکٹر، نغمہ نگار، مصنف اور شاعر تھے۔ انہوں نے بنگالی، گجراتی، ہندی، ملیالم سمیت 13 زبانوں میں فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی۔ وہ بانسری، پیانو اور اسراج بہت اچھے طریقے سے بجاتے تھے۔ انہیں اپنا پہلا فلم فیئر بہترین فلم کا ایوارڈ ’دو بیگھہ زمین‘ کے لیے ملا۔ اس کے علاوہ، انہیں بہترین فیچر فلم کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ، 7ویں کانز فلم فیسٹیول میں پرکس انٹرنیشنل ایوارڈ اور کارلووی ویری انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں سماجی ترقی کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1958 کی فلم ’مدھومتی‘ کے لیے انہیں فلم فیئر بیسٹ میوزک ڈائریکٹر کے ایوارڈ کے ساتھ ساتھ دیگر آٹھ فلم فیئر ایوارڈز بھی ملے۔ انہیں 1988 میں سنگیت ناٹک اکادمی ایوارڈ اور 1990 میں مہاراشٹر گورو ایوارڈ ملا۔ وہ 5 ستمبر 1995 کو دنیا کو الوداع کہہ گئے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


