پارلیمنٹ میں حد بندی بل کی حمایت کرنے کے ڈی ایم کے کے اعلان کے ایک دن بعد انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے چنئی میں دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) کے سربراہ ایم کے اسٹالن سے ملاقات کی۔ اسٹالن اور انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کے درمیان ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے دوران راہل گاندھی اور اسٹالن کے ایک دوسرے سے گلے ملنے کی تصویر بھی سامنے آئی۔ وہیں اسٹالن نے سوشل میڈیا پر راہل گاندھی کو بھائی کہہ کر مخاطب کیا۔
تاہم ڈی ایم کے نے ملاقات کے بعد واضح کردیا کہ حد بندی کے معاملے میں اس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ڈی ایم کے کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈی ایم کے کبھی بھی تمل ناڈو کے خلاف موقف اختیار نہیں کرتی۔ بعد میں اسٹالن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمل ناڈو کے مفادات کی حفاظت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام مانگیں بل میں شامل ہیں۔
حد بندی سے ملک کو نقصان ہوگا: راہل گاندھی
ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے کہا کہ انہوں نے اپنا موقف پوری طرح واضح کردیا ہے۔ ہم حد بندی کے خلاف ہیں۔ بی جے پی نے آسام اور کشمیر میں اسے نافذ کیا تھا اور اب پورے ملک میں نافذ کرنا چاہتی ہے۔ بی جے پی کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں۔ حد بندی سے بھارت کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے ہم سب سے اپیل کررہے ہیں کہ بی جے پی کو وہ کرنے کی اجازت نہ دی جائے جو وہ کرنا چاہتی ہے۔ اگر بی جے پی لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 850 تک پہنچاتی ہے تو بھارت میں جمہوریت ختم ہو جائے گی۔ تمل ثقافت اور زبان پر حملہ شروع ہو جائے گا۔ یہ تمل ثقافت، زبان اور بھارت پر حملہ ہے۔ بھائی اسٹالن سمیت تمام محب وطن لوگوں کو اس کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔
کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن وفد کی اسٹالن سے ملاقات
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی قیادت میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت اپوزیشن جماعتوں کے سینئر رہنماؤں کے وفد نے اتوار کو اسٹالن سے ملاقات کی۔ اسٹالن کی رہائش گاہ پر یہ ملاقات ڈی ایم کے کے اس اعلان کے ایک دن بعد ہوئی، جس میں پارٹی نے مرکز کے حد بندی بل کی حمایت کرنے کی بات کہی تھی۔ مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی اس وفد کا حصہ تھیں۔ وفد نے اسٹالن کو سمجھانے کی کوشش کی کہ اس قانون کے پارلیمنٹ میں نمائندگی اور شمالی و جنوبی ریاستوں کے درمیان سیاسی طاقت کے توازن پر دور رس اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ وفد میں کانگریس کے چار وزرائے اعلیٰ بھی شامل تھے۔ اسٹالن نے ملاقات کے لیے آئے رہنماؤں کا اپنی رہائش گاہ پر استقبال کیا۔ ڈی ایم کے کی جانب سے پارٹی کے نوجوانوں کے شعبے کے سکریٹری ادے ندھی اسٹالن، سینئر رہنما کنی موزھی، دایانیدھی مارن اور کئی اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔
ڈی ایم کے کو منانے کی کوشش ناکام
یہ ملاقات کانگریس اور ڈی ایم کے کے درمیان حد بندی کے عمل کو لے کر کھلے اختلافات کے پس منظر میں ہوئی۔ راہل گاندھی بار بار بی جے پی اور آر ایس ایس پر الزام لگاتے رہے ہیں کہ وہ مجوزہ تبدیلیوں کے ذریعے اپنے فائدے کے لیے بھارت کے انتخابی نقشے کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اسٹالن کے ساتھ کانگریس وفد کی ملاقات سے چند گھنٹے قبل ڈی ایم کے صدر نے واضح کردیا تھا کہ ان کی پارٹی تمل ناڈو کے تئیں اپنی بنیادی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ راہل گاندھی کی اپیل کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے ریاست کی تاریخ اور روایات سے وابستہ دو شخصیات کا حوالہ دیا۔ راہل کو’’بھائی‘‘ کہہ کرمخاطب کرتے ہوئے اسٹالن نے کہا کہ ڈی ایم کے کے سیاسی فیصلے ہمیشہ تمل ناڈو اور اس کے عوام کی بھلائی کو ذہن میں رکھ کر لیے جاتے ہیں۔ پارٹی ریاست کے مفادات اور ریاستوں کے حقوق کے تحفظ سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
تمل ناڈو کے مفادات سے سمجھوتہ نہیں کریں گے: اسٹالن
اسٹالن نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’ہم اس راستے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور مجھے یقین ہے کہ تاریخ ہمیں کٹّابومن کے طور پر یاد کرے گی، نہ کہ ایٹّاپن کے طور پر۔‘‘ یہ حوالہ 18ویں صدی کے تمل سردار ویراپانڈیا کٹّابومن سے متعلق تھا، جنہیں برطانوی حکومت کی مخالفت کرنے اور نوآبادیاتی طاقتوں کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے بعد پھانسی دیے جانے کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ اس کے برعکس ایٹّاپن تمل سیاسی گفتگو میں دھوکہ دینے والے کے لیے عام طور پر استعمال ہونے والا لفظ بن گیا ہے۔ اسٹالن نے آئین اور وفاقی اصولوں کے تحفظ میں ڈی ایم کے کے تاریخی کردار کو تسلیم کرنے کے لیے راہل گاندھی کا شکریہ بھی ادا کیا، لیکن ساتھ ہی دہرایا کہ پارٹی کے فیصلے تمل ناڈو اور تمل عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر ہی کیے جائیں گے۔
راہل گاندھی نے حد بندی بل کی مخالفت کا اعلان کیا
یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب راہل گاندھی نے اعلان کیا تھا کہ انڈیا اتحاد کے سینئر رہنما چنئی جاکر اسٹالن سے ملاقات کریں گے اور مجوزہ حد بندی آئینی ترمیمی بل کو شکست دینے کے لیے ڈی ایم کے کی باضابطہ حمایت طلب کریں گے۔ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں راہل نے کہا کہ لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 850 تک بڑھانے سے بھارتی جمہوریت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ تبدیلیوں سے بی جے پی اور آر ایس ایس کو اپنے فائدے کے لیے انتخابی حلقوں کی حدود دوبارہ طے کرنے کا زیادہ موقع مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’850 نشستوں تک اضافہ بھارت میں جمہوریت کو ختم کردے گا۔ اس سے بی جے پی اور آر ایس ایس کو اپنے فائدے کے لیے بھارت کا پورا انتخابی نقشہ تبدیل کرنے کی لامحدود گنجائش مل جائے گی۔‘‘ راہل گاندھی نے مزید کہا، ’’بھائی اسٹالن ہمیشہ تمل مخالف طاقتوں کے خلاف چٹان کی طرح کھڑے رہے ہیں۔ ملک کے مفاد میں، تمل ناڈو کے مفاد میں اور آئین کے تحفظ کے لیے ہمیں مل کر اس بل کو شکست دینی ہوگی۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


