Bharat Express DD Free Dish

PM Modi Praises Gujarat Governor: دلت خاندانوں سے روابط اور قدرتی کھیتی کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم مودی نے گجرات کے گورنر کی ستائش کی

قدرتی کھیتی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گجرات کی مٹی کو محفوظ رکھنے اور آنے والی نسلوں کے لیے زمین کے تحفظ کے لحاظ سے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی کھیتی اور گجرات کی دھرتی ماں کی حفاظت آنے والے وقت میں بہت اہم کام ہوں گے۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت کی سماجی سرگرمیوں، بالخصوص دلت خاندانوں سے روابط، صفائی ستھرائی اور ریاست بھر میں قدرتی کھیتی کو فروغ دینے کی کوششوں کی ستائش کی۔ گجرات میں دیوالی اور نئے سال کے موقع پر منعقدہ سنیہ ملن پروگرام کے دوران بی جے پی کارکنوں سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آچاریہ دیوورت نے گورنر جیسے آئینی عہدے پر فائز رہتے ہوئے بھی عوامی اور قومی مفاد میں تعاون کرنے اور عہدے کے وقار کو برقرار رکھنے کی مثال پیش کی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا، ’’جب میں اپنے گورنر آچاریہ دیوورت جی سے ملتا ہوں اور ان کی باتیں سنتا ہوں تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔ یہ دیکھ کر اچھا لگتا ہے کہ سماجی وابستگی رکھنے والے ایک شخص نے گورنر کے عہدے کے وقار میں اضافہ کیا ہے اور گجرات کی سماجی زندگی میں آسانی سے اپنی جگہ بنائی ہے۔‘‘

دلت خاندانوں سے ملاقات اور عوامی روابط کا ذکر

انہوں نے خاص طور پر گورنر کے دیہی علاقوں کے دوروں اور دلت خاندانوں کے ساتھ ان کے رابطوں کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ایسے سیکڑوں خاندان ہیں، جو لوک بھون یعنی گورنر کی رہائش گاہ کو اپنا گھر سمجھنے لگے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آچاریہ دیوورت نے یہ دکھایا ہے کہ عوامی زندگی میں رہتے ہوئے سماج اور ملک کے مفاد میں کس طرح کام کیا جاسکتا ہے۔

قدرتی کھیتی کو فروغ دینے کی کوششوں کی تعریف

انہوں نے صفائی ستھرائی کو فروغ دینے کے لیے گورنر کی جانب سے منعقد کیے جانے والے پروگراموں اور ان میں ان کی شرکت کا بھی ذکر کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گجرات نے صفائی اور پانی کے تحفظ کے شعبوں میں ترقی کی ہے۔ گورنر کی قیادت میں قدرتی کھیتی کو فروغ دینے کے لیے کیے جارہے کاموں سے انہیں خاص حوصلہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات گجرات کے اگلے 100 برسوں کی بنیاد مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

آنے والی نسلوں کے لیے زمین کا تحفظ ضروری

قدرتی کھیتی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ ریاست کی مٹی کو محفوظ رکھنے اور آنے والی نسلوں کے لیے زمین کے تحفظ کے لحاظ سے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا، ’’قدرتی کھیتی اور گجرات کی دھرتی ماں کی حفاظت آنے والے وقت میں بہت اہم کام ہوں گے۔‘‘

سماج کے تمام طبقوں کی شراکت داری پر زور

وزیر اعظم نے بی جے پی کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سماجی اقدامات میں اپنا تعاون جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایماندارانہ نیت اور واضح عزم کے ساتھ کی جانے والی لگن بھری کوششیں بالآخر نتائج دیتی ہیں اور دیرپا تبدیلی لاتی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گجرات کی ترقی کے لیے سماج کے مختلف طبقوں کی شراکت داری ضروری ہے۔ ریاست میں برسوں سے فروغ پانے والا سماجی ہم آہنگی اور اتحاد کا ماحول نہ صرف گجرات کو آگے بڑھانے میں مدد دے گا بلکہ ملک کی ترقی میں بھی اپنا تعاون پیش کرے گا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read