Bharat Express DD Free Dish

Al-Hikmah Foundation’s 34th Annual Meeting and National Conference: الحکمہ فاؤنڈیشن کا 34واں سالانہ اجلاس و نیشنل کانفرنس تزک و احتشام کے ساتھ اختتام پزیر

قد آور شخصیات کی شرکت نے اجلاس کو کامیابی سے کیا ہمکنار، فاؤنڈیشن کی کارکردگی کی چہار طرفہ ستائش

نئی نسل کی تعلیم و تربیت کا عمدہ انتظام، کردار سازی، پاکیزہ سوچ، فکری بالیدگی، صحت و سلامتی کو یقینی بنانے، روزگار سے جوڑنے اورروزگار کے نئے مواقع کے حصول کی طرف رہنمائی کرنے، روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ تکنیکی و پیشہ وارانہ تعلیم کی طرف توجہ دلانے، صحت عامہ کا انتظام و انصرام، طبی سہولیات کی فراہمی، عوامی فلاح و بہبود کے کاز، پاکیزہ معاشرے کی تشکیل کے لئے کوششیں، اقوام کے مابین اتحاد و یگانگت پیدا کرنے کی کوششیں اور آپسی اختلافات کو دور کرنے کی سعی جیسے بلند پایہ عزائم لے کر اٹھنے والا معروف و ممتاز غیر سرکاری رفاہی ادارہ الحکمہ فاؤنڈیشن نے آج بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ اپنا 34واں سالانہ اجلاس و نیشنل کانفرنس بعنوان عزائم اور ذمہ داری:قوم کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردارانڈیا اسلامک کلچرل سنٹر، لودھی روڈ،نئی دہلی میں منقعد کیا۔

سالانہ اجلاس و نیشنل کانفرنس کا باضابطہ آغاز قاری حفظ الرحمٰن کی دلنشیں تلاوت کلام اللہ اور ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ بعد ازاں،فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ضیاءالدین احمد نے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے انسانی فلاح و بہبود کی طرف لوگوں کو ابھارا، دور حاضر کےالمیہ ،ذاتی و انفرادی حیثیت کی جگہ اجتماعی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی۔ انہوں نے خاص طور پر حقوق(رائٹس )کے بجائے ذمہ داریوں کا احساس کرنے اور اس سمت میں کام کرنے کی ترغیب دی اور صحت مند اور تعلیم یافتہ معاشرہ بنانے کی ان کی اس مشن سے عام لوگوں سے جڑنے کی اپیل کی۔ انہوں نے انفرادی اور اجتماعی ہر طرح کے عزائم کو ذمہ داریوں سے مشروط کرنے کی وکالت کی۔

اجلاس میں سابق کابینی وزیر و کانگریس کے قد آورلیڈر سلمان خورشید نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ ممتاز مفکر و سماجی مصلح اور انٹرفیتھ ہارمونی فاؤنڈیشن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر خواجہ افتخار احمدنےاجلاس کی صدارت کی۔

ممتاز موٹیویشنل اسپیکر و الف اکیڈمی کے بانی و صدر سمیر احمد صدیقی کا خطاب

ممتاز موٹیویشنل اسپیکر و الف اکیڈمی کے بانی و صدر سمیر احمد صدیقی نے نسل نوکو مصنوعی ذہانت اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات اور اس پر حد سے زیادہ منحصر ہوجانے والے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اخلاقی اقدارکو حرز جاں بنانے، اپنی جڑوں سے جڑے رہنے ، فیصلہ سازی میں خود پر اعتماد کرنے، دنیاوی ضرورتوں کو سمجھنے اور دین پر کاربند رہتے ہوئے اپنے مستقبل کی تعمیر کرنے والے نوجوان ہی اس دور میں کامیابی کا پرچم بلند کر سکتے ہیں۔انہوں نے مثالوں کے ذریعہ بتایا کہ کس طرح نوجوان نسل کے لئے نئے نئے جال بُنے جا رہے ہیں اس سے بچنے اور خود کو اپ گریڈ کرتے رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے نئی نسل کو مولاک کے ٹریپ سے بچنے اور اندھی دوڑ سے خود کو بچانے کی نصیحت کی۔ انہوں نے جی توڑ محنت کرنے، زمانے کے نشیب و فراز سے واقفیت حاصل کرنے اور گرم وسرد ہواؤں سے موافقت بنائے رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دل ، دماغ اور گٹَ کا صحیح استعمال مقابلہ جاتی اس دوڑ میں بھی انہیں سب سے آگے رکھے گا۔

سابق ڈی جی پی انورادھا شنکر نے اجلاس کے موضوع کی ستائش کی

مدھیہ پردیش کی سابق ڈی جی پی و ممتاز سماجی کارکن و گاندھیائی مفکر انورادھا شنکر نے اپنے خطاب میں اس اجلاس کے موضوع کو بہت سراہا اور اس کے لئے فاؤنڈیشن کے چیئرمین کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی فلاح اسی وقت ممکن ہے جو تسلسل کے ساتھ فلاحی کاموں میں خود کو وقف کر دیا جائے۔ بھائی چارہ، مذہبی رواداری، سماجی ہم آہنگی اور سب کو ساتھ لے کرچلنے کا مادہ ہی ہمیں ایک مثالی معاشرہ تشکیل دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب ہمیں اکانومی نہیں اپنی سوسائیٹی کو درست خطوط پر استوار کرنا چاہئے۔ہمیں کو آپریٹیو جنریشن کی ضرورت ہے، مادیت پرست جنریشن کی نہیں۔

اس موقع پر درجنوں بچیوں و ضرورتمند خواتین میں سلائی مشین کی تقسیم کی گئی۔ طلبہ و طالبات کو اسکالر شپ کے لئے چیک فراہم کئے گئے۔ واضح رہے کہ فاؤنڈیشن کے تحت سال بھر جو تعلیمی و رفاہی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں اس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو وظائف و دیگر مراعات دی جاتی ہیں۔ فاؤنڈیشن کے تحت سلائی سنٹر، لائبریری، کوچنگ سنٹر و دیگر امور سے متعلق تربیتی پروگرام منعقد کرائے جاتے ہیں جس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات سے سرفراز کیا جا تا ہے۔

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر و معروف اسلامی اسکالر ایس امین الحسن کا خطاب

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر و معروف اسلامی اسکالر ایس امین الحسن نے بھی اجلاس کے تعلق سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس موضوع کو وقت کی اہم ترین ضرورت بتایا۔ انہوں نے اپنے پُرمغزخطاب میں کہا کہ نئی نسل اپنے اندر خود شناسی کا گہر پیدا کرے،نئی پرواز کے لئے کوئی حد نہ رکھے،بے مقصدیت اور شتر بے مہار والی زندگی کو تج دے، سیف زون سے نکل کر خود کو رسک زون میں لائے، خود کو رفاہی کاموں میں لگائے نیز آخرت کا تصور اور جوابدہی کا شعور پیدا کرے تو کامیابی اس کا مقدر ہوگی اور وہ کامیابی اس کی خود کی ہوگی ، نہ کہ کسی کے مرہون منت۔

سالانہ اجلاس اور نیشنل کانفرنس کے اس موقع پر فاؤنڈیشن کے سکریٹری سید شعیب احمد نے سالانہ گوشوارہ پیش کیا اور فاؤنڈیشن کی کارکردگی کی مفصل رپورٹ پیش کی ۔ اس موقع پر مہمانان گرامی کو شال اور مومنٹو دے کر ان کی عزت افزائی کی گئی۔ موقع کی مناسبت سے مہمانان ذی وقار نے فاؤنڈیشن کے سووینیئرکا اجراء بھی کیا جسے وہاں موجود سامعین و ناظرین نے ہاتھوں ہاتھ لیا اور فاؤنڈیشن کی کارکردگی کی پزیرائی کی۔

سابق مرکزی ویز سلمان خورشید کا خطاب

مہمان خصوصی سلمان خورشید نے اپنے خطاب میں برملا اس بات کا اظہار کیا کہ حکومتیں تعلیم و صحت سے متعلق بڑے بڑے منصوبے بناتی ہیں لیکن پھر بھی خلا اور گیپ رہ ہی جاتا ہے جسے الحکمہ فاؤنڈیشن جیسے رفائی ادارے پُر کرتے ہیں۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے کام کاج اور ان کے مشن کی بھرپور ستائش کی۔ اس اجلاس کو نہایت کامیاب قرار دیتے ہوئے سلمان خورشید نے کہا کہ اس منچ(ڈائس) پر جتنی بڑی شخصیات یکجا ہیں اگر ان کی باتوں اور خیالات کو اپنی زندگی میں اتار لیا جائے تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔

ممتاز مفکر ڈاکٹرخواجہ افتخار احمد کا خطاب

مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کے نقیب اور اس اجلاس کی صدارت کرنے والے ممتاز مفکر ڈاکٹرخواجہ افتخار احمد نے پہلے تو ہر خطیب کی کہی ہوئی باتوں کا لب لباب اور خلاصہ پیش کیا اور مقررین کی نہ صرف تائید کی بلکہ ان کے لئے ستائشی کلمات بھی پیش کئے۔ انہوں نے اپنے انتہائی حکیمانہ خطاب میں بنیادی طور پر والدین کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو پند و نصائح کرنے کے بجائے ان کی سوچ اور ان کے خیالات سمجھنے، انہیں کھُلنے اور کھِلنے دیں،ان پر بیجا بوجھ نہ ڈالنے، صارفیت سے دور رہنے اور انہیں آزادانہ طورپر فیصلہ لینے دیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مذہب پرگفتگو کم اور عمل زیادہ کریں،میں کے بجائے ہم کا سفر شروع کریں، سب کو ساتھ لے کر چلنے اور برادران وطن کو تعمیری کاموں میں شامل کرنے کی پہل کریں پھر ترقی کے بھی ہم ضامن ہوں گے اور امن و امان کا دور دورہ بھی شروع ہوگا۔

اجلاس سے دونوجوان مقررعبد اللہ طارق اور رمیز عبدالودو نے بھی خطاب کیا۔دونوں ہی مقررین نے اپنے کنٹنٹ اور انداز خطاب سے وہاں موجود سامعین کو بہت زیادہ متاثر کیا۔ قوم کی تعمیر و ترقی میں نوجوان کس طرح فعال کردار ادا کرسکتے ہیں اور اسلامی تاریخ نیز آخری نبی حضرت محمدؐ کی تعلیمات و فرمودات کی روشنی میں صالح اور خوشحال معاشرہ کی تشکیل کے لئے کن نکات پر کام کرنے کی ضرورت ہے، پر مختصر مگر جامع انداز میں خطاب کرکے لوگوں کے دل جیت لئے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر شکیل احمد نے بحسن و خوبی انجام دئے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔ 



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

    Tags:

Also Read