تائی پے: تائیوان کی اعلیٰ ترین خفیہ ایجنسی نے چین پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چینی آئی ٹی اور مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے فرضی نیوز ویب سائٹس، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور بوٹ نیٹ ورکس قائم کر کے تائیوان کے خلاف بڑے پیمانے پر پروپیگنڈا پھیلا رہا ہے۔ اسے چین کی نام نہاد ’کاگنیٹو وارفیئر‘ (ذہنی جنگ) حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
تائیوان کے نیشنل سکیورٹی بیورو (این ایس بی) نے اتوار کے روز 2025 میں تائیوان کے خلاف چین کی ذہنی جنگی حکمتِ عملی پر مبنی ایک تجزیاتی رپورٹ جاری کی۔ تائیوان کی سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 کے دوران تائیوان کی خفیہ ایجنسیوں نے 45 ہزار سے زائد فرضی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور تقریباً 23 لاکھ 14 ہزار گمراہ کن یا جھوٹی معلومات کی نشاندہی کی ہے۔
بوٹ اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلایا جا رہا پروپیگنڈا
این ایس بی کے مطابق، یہ پروپیگنڈا چینی آئی ٹی کمپنیوں کے زیرِ انتظام فرضی اور بوٹ اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلایا گیا۔ ان کمپنیوں نے بڑے ڈیٹا بیس اور خودکار پروگرام تیار کر رکھے ہیں، جنہیں چین کے سینٹرل پبلسٹی ڈپارٹمنٹ اور وزارتِ پبلک سکیورٹی کی ہدایات پر چلایا جا رہا ہے۔
تائیوانی عوام کی سوچ کو متاثر کرنے کی کوشش
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سینٹرل پبلسٹی ڈپارٹمنٹ اور وزارتِ پبلک سکیورٹی، ہائیکسُن شی، ہائیمائی اور ہویا جیسی مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے فرضی نیوز ویب سائٹس تیار کرواتے ہیں۔ یہ ویب سائٹس ابتدا میں کلک بیٹ اور ہلکی پھلکی تفریحی مواد کے ذریعے صارفین کو متوجہ کرتی ہیں اور بعد میں سیاسی مواد شائع کر کے تائیوانی عوام کی سوچ کو متاثر کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
فیکٹ چیکنگ تنظیموں کے ساتھ تائیوان کا تعاون
این ایس بی نے کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد تائیوان کے اندر اختلافات کو ہوا دینا، عوامی مزاحمتی صلاحیت کو کمزور کرنا، تائیوان کے اتحادی ممالک کی حمایت کی خواہش کو متاثر کرنا اور چین کے حق میں عوامی رائے ہموار کرنا ہے۔ ایجنسی نے بتایا کہ وہ دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر فیکٹ چیکنگ تنظیموں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ تعاون بڑھا رہی ہے، تاکہ فرضی معلومات کو بے نقاب کر کے انہیں ہٹایا جا سکے۔
سرکاری نیٹ ورکس پر سائبر حملوں میں آئی تیزی
این ایس بی کے مطابق، فوجی مشقوں کے دوران سرکاری نیٹ ورکس پر سائبر حملوں میں بھی تیزی آئی۔ چین کی فوجی مشقوں کے پہلے دن تقریباً 20 لاکھ 80 ہزار سائبر حملے ریکارڈ کیے گئے، جو دوسرے دن بڑھ کر تقریباً 20 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

