نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز بہار کے وزیر نتن نبین کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا قومی ورکنگ صدر مقرر کیے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ نے نتن نبین کو اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا ہے، جہاں وہ جے پی نڈا کی جگہ لیں گے، جو جنوری 2020 سے پارٹی کے قومی صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
وزیر اعظم کا پیغام
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم مودی نے نیتن نبین کی ستائش کرتے ہوئے انہیں ایک نوجوان، محنتی کارکن اور وسیع تنظیمی تجربے کا حامل رہنما قرار دیا۔ وزیراعظم نے لکھا: ’’شری نتن نبین جی نے خود کو ایک محنتی کارکن کے طور پر ممتاز کیا ہے۔ وہ نوجوان اور فعال قائد ہیں، جنہیں تنظیمی امور میں بھرپور تجربہ حاصل ہے۔ بہار میں بطور رکن اسمبلی اور وزیر ان کا ریکارڈ قابل ستائش رہا ہے۔ انہوں نے عوامی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے دیانت داری سے کام کیا ہے اور اپنی سادہ مزاجی اور زمینی طرز کار کے لیے جانے جاتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ نتن نبین کی توانائی اور لگن آئندہ دنوں میں پارٹی کو مزید مضبوط کرے گی۔
Shri Nitin Nabin Ji has distinguished himself as a hardworking Karyakarta. He is a young and industrious leader with rich organisational experience and has an impressive record as MLA as well as Minister in Bihar for multiple terms. He has diligently worked to fulfil people’s…
— Narendra Modi (@narendramodi) December 14, 2025
راجناتھ سنگھ کی جانب سے بھی مبارکباد
اس سے قبل وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی نتن نبین کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے کامیاب دور صدارت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی قیادت میں نتن نبین بی جے پی کو کامیابی کی نئی بلندیوں تک لے جانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
سیاسی پس منظر اور انتظامی تجربہ
نتن نبین بہار حکومت میں سڑک تعمیرات کے وزیر اور پانچ مرتبہ کے رکن اسمبلی ہیں۔ وہ بی جے پی کے سینئر رہنما نوین کشور پرساد سنہا کے صاحبزادے ہیں۔ نوجوان چہرہ ہونے کے باوجود، وہ حکمرانی اور انتظامیہ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور بہار حکومت میں مختلف اوقات میں متعدد وزارتی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ نتن نبین نے بھارتیہ جنتا یووا مورچہ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ 2008 میں وہ یووا مورچہ کی قومی عاملہ کے رکن اور یوتھ ونگ کے شریک انچارج رہے۔ 2010 سے 2013 تک انہوں نے قومی جنرل سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں، جبکہ 2016 سے 2019 کے دوران بہار میں یووا مورچہ کے ریاستی صدر رہے۔ 2019 میں انہیں سکم میں بی جے پی کے انتخابی انچارج اور بعد ازاں ریاستی تنظیمی انچارج مقرر کیا گیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

