Bharat Express DD Free Dish

Swami Dayanand Saraswati was a visionary: آریہ سماج کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم کا خطاب، کہا-’’آریہ سماج نے ہمیشہ اپنی ہندوستانیت پر فخر کیا ہے‘‘

اس اجلاس کا مقصد مہارشی دیانند سرسوتی کی اصلاحی اور تعلیمی میراث کو خراج تحسین پیش کرنا، آریہ سماج کی ڈیڑھ صدی پر محیط خدمات کو یاد کرنا اور عالمی سطح پر ویدک اصولوں، سودیشی نظریے اور قومی تعمیر کے عزم کو تازہ کرنا تھا۔

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ آریہ سماج نے ہمیشہ ہندوستانیت اور ویدک اقدار کی بے خوفی سے ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے تنظیم کے بانی سوامی دیانند سرسوتی کو ایک ’’دور اندیش مصلح‘‘ قرار دیا جنہوں نے خواتین کی آزادی، تعلیم اور سماجی اصلاح کے لیے بے مثال خدمات انجام دیں۔ وزیراعظم مودی انٹرنیشنل آریہ مہا سملن سے خطاب کر رہے تھے، جو آریہ سماج کے قیام کی 150ویں سالگرہ اور مہارشی دیانند سرسوتی کے 200ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگاری سکے بھی جاری کیے۔

آریہ سماج پورے ہندوستان کی ویدک شناخت

وزیراعظم مودی نے کہا کہ آریہ سماج کی 150 سالہ خدمات کا جشن صرف کسی فرقے یا طبقے سے وابستہ نہیں، بلکہ یہ پورے ملک کی ویدک روح اور تہذیبی شناخت سے جڑا ہوا موقع ہے۔ انہوں نے کہا: ’’آریہ سماج ایک ایسی تحریک ہے جس نے ہمیشہ ہندوستانیت کی بات بے خوفی سے کی۔ سوامی دیانند جی ایک ویژنری لیڈر تھے جنہوں نے معاشرتی برائیوں کے خلاف آواز اٹھائی، عورتوں کی تعلیم کو فروغ دیا اور ایسے ادارے قائم کیے جو آج بھی ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔‘‘

خواتین کی تعلیم اور خود مختاری پر زور

وزیراعظم نے کہا کہ آریہ سماج کے زیر اہتمام قائم ڈی اے وی اسکولوں میں لڑکیوں کو تعلیم دی گئی، جس کا اثر آج کے ہندوستان میں نمایاں طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’آج ہماری بیٹیاں فائٹر طیارے اڑا رہی ہیں، جدید زراعت میں ’ڈرون دیدی‘ بن کر آگے بڑھ رہی ہیں۔ ہندوستان آج فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ خواتین ایس ٹی ای ایم گریجویٹس (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھس) ہمارے ملک میں ہیں۔‘‘ مودی نے اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے رافیل طیارے میں پرواز کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستانی خواتین کی طاقت اور صلاحیت کی علامت ہے۔

مہارشی کا فکری یگیہ دو سال سے جاری

وزیراعظم مودی نے کہا کہ انہیں سوامی دیانند سرسوتی سے جڑے مختلف پروگراموں میں شریک ہونے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’گزشتہ برس گجرات میں دیانند سرسوتی جی کے جنم استھل پر خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس سے قبل دہلی میں میں نے اُن کیے200ویں یوم پیدائش کی تقریبات کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ہم سب نے یہ طے کیا کہ یہ فکری یگیہ دو برس تک جاری رہے گا اور مجھے خوشی ہے کہ یہ سلسلہ بلا وقفہ جاری ہے۔‘‘

آریہ سماج کی ڈیڑھ صدی کی خدمات

آریہ مہا سملن ’’گیان جیوتی فیسٹیول‘‘ کا ایک اہم حصہ ہے، جس میں ملک و بیرون ملک سے آریہ سماج کے نمائندے شریک ہوئے۔ اس موقع پر ایک خصوصی نمائش ’’خدمت کے 150 سنہری سال‘‘ کے عنوان سے منعقد کی گئی، جس میں آریہ سماج کے تعلیمی، سماجی اور روحانی کارنامے پیش کیے گئے۔ اس اجلاس کا مقصد مہارشی دیانند سرسوتی کی اصلاحی اور تعلیمی میراث کو خراج تحسین پیش کرنا، آریہ سماج کی ڈیڑھ صدی پر محیط خدمات کو یاد کرنا اور عالمی سطح پر ویدک اصولوں، سودیشی نظریے اور قومی تعمیر کے عزم کو تازہ کرنا تھا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read