نئی دہلی: شیوسینا (یوبی ٹی) کی رہنما اور رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے 2025 کے ایشیا کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور بی سی سی آئی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے میچ کو جاری رکھنے کو ’’اقتصادی مفادات کو انسانی جانوں پر فوقیت دینے‘‘ کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ یہ ’’بلڈ منی‘‘ یعنی خون کی قیمت پر کمائی جانے والی رقم ہے۔
’’پیسہ فوجیوں کے خون سے زیادہ اہم ہو گیا؟‘‘
پرینکا چترویدی نے حالیہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب ہمارے فوجی اور شہری جانیں قربان کر رہے ہیں، حکومت اور بی سی سی آئی کرکٹ میچ کے ذریعے اقتصادی فائدے حاصل کرنے میں لگے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’جب پیسہ ہمارے جوانوں اور شہریوں کے خون سے زیادہ اہم ہو جائے، تو اسے ’بلڈ منی‘ ہی کہا جا سکتا ہے۔ حکومت ہند اور بی سی سی آئی کو شرم آنی چاہیے۔‘‘
اسپانسرز اور براڈکاسٹرز کا نام ظاہر کریں
پرینکا نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک اور بیان میں کہا کہ ہند-پاک میچ کے ذریعے منافع کمانے والے تمام اسپانسرز، اسٹریمنگ ایپس اور براڈکاسٹرز کے نام سامنے آنے چاہئیں تاکہ انہیں عوامی طور پر شرمندہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ: ’’یہ بے حسی ہے کہ ملک میں لوگ جان گنوا رہے ہیں اور یہاں اربوں روپے کے اشتہارات اور نشریاتی حقوق بیچے جا رہے ہیں۔‘‘
حکومت اور بی سی سی آئی پر براہ راست الزام
پرینکا چترویدی نے کہا کہ بی سی سی آئی اور حکومت مل کر اس میچ کو ’’بلاک بسٹر‘‘ بنا رہے ہیں جبکہ درحقیقت یہ معاملہ ملک کے وقار اور شہیدوں کے خون سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت عوامی جذبات سے کھیل رہی ہے اور ’’راشٹرواد‘‘ کے نعرے محض انتخابی موقعوں پر استعمال کرتی ہے۔
نشریات پر پابندی کا مطالبہ
پرینکا چترویدی نے وزارت اطلاعات و نشریات سے مطالبہ کیا کہ وہ ہند-پاک میچ کی براہ راست نشریات پر مکمل پابندی عائد کرے، تاکہ ان میچز کو تجارتی سامان بنانے کی کوششوں پر روک لگائی جا سکے۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں میچ کی تشہیر اور نشریات شہیدوں کی قربانیوں کی توہین ہے۔
اے سی سی نے ہند-پاک میچ کو بتایا بلاک بسٹر
قابل ذکر ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے 2025 کے ایشیا کپ کے شیڈیول کا اعلان کرتے ہوئے ہند-پاک میچ کو ’’بلاک بسٹر‘‘ قرار دیا ہے۔ یہ میچ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا، جبکہ ٹورنامنٹ 9 سے 28 ستمبر تک یو اے ای میں منعقد ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ممکنہ طور پر تین بار آمنے سامنے آ سکتی ہیں۔ پرینکا چترویدی کا یہ بیان حکومت اور کرکٹ بورڈ کے لیے واضح پیغام ہے کہ قومی جذبات اور سکیورٹی کے مسائل کو محض کرکٹ کے پردے میں نہ چھپایا جائے۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ردعمل کے بعد یہ موضوع ممکنہ طور پر ایک بڑا سیاسی مسئلہ بن سکتا ہے، خاص طور پر ان حالات میں جب سرحد پار سے حملے جاری ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




