Bharat Express DD Free Dish

PM Modi meets members of different political parties: وزیراعظم نریندر مودی کی مالدیپ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات، کہا- ہندوستان اورمالدیپ کی دوستی کو سبھی جماعتوں کی حمایت حاصل

وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان رشتہ محض پالیسیوں کا نہیں بلکہ عوامی، سیاسی، اور تہذیبی ہم آہنگی کا بھی ہے، جو آنے والے برسوں میں اور مضبوط ہوگا۔

مالے—وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز مالدیپ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور مالدیپ کی پائیدار اور مضبوط دوستی کو تمام جماعتوں کی دو طرفہ حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے اسے دونوں ملکوں کے درمیان گہرے رشتے اور مشترکہ اقدار کا عکاس قرار دیا۔ وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ مالدیپ کی مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان سے بامعنی ملاقات ہوئی۔ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی شرکت نے اس پائیدار ہندوستان-مالدیپ دوستی کے لیے ہمہ جہت حمایت کو اجاگر کیا۔ ہماری مشترکہ اقدار اس اہم شراکت داری کی رہنمائی کرتی رہتی ہیں۔

پارلیمانی اسپیکر اور سابق صدر سے ملاقات

اپنے دورے کے دوسرے دن وزیر اعظم مودی نے مالدیپ کی پارلیمان (مجلس) کے اسپیکر عبدالرؤف عبداللہ اور سابق صدر محمد نشید سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ’ہندوستان-مالدیپ پارلیمانی دوستی گروپ‘ کے قیام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مالدیپ ہمیشہ ہندوستان کی ’نیبرہُڈ فرسٹ‘ پالیسی اور ’مہاساگر وژن‘ کا ایک اہم ستون رہے گا۔ اسی دن انہوں نے مالدیپ کے نائب صدر حسین محمد لطیف سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، توانائی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔

دوستی صرف سفارتی نہیں، دلوں کا رشتہ ہے

جمعہ کو وزیر اعظم مودی نے اپنے اعزاز میں دیے گئے ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہندوستان-مالدیپ رشتے صدیوں پرانے ہیں۔ ہم صرف ہمسایہ نہیں، بلکہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے سچے ساتھی ہیں۔ یہ رشتہ صرف سفارت کاری کا نہیں بلکہ دلوں کا رشتہ ہے۔ صدر محمد معیزو نے وزیر اعظم مودی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مالدیپ کا طویل عرصے سے قریبی اور قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے۔ ہماری شراکت داری سیکیورٹی، تجارت، صحت، تعلیم سمیت کئی شعبوں تک پھیلی ہوئی ہے، جو ہمارے عوام کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرتی ہے۔

آٹھ اہم معاہدوں پر دستخط

جمعہ کو وزیر اعظم مودی اور صدر معیزو کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان آٹھ اہم معاہدے طے پائے۔ ان میں لائن آف کریڈٹ، قرض کی ادائیگی، ماہی گیری، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، اور ہندوستان کا یو پی آئی (یونائیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس) نظام شامل ہیں۔

دوستی کا نیا باب

خارجہ سیکریٹری وکرم مِسری نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ دورہ بروقت اور نتیجہ خیز رہا۔ دونوں ممالک نے اپنی جامع اقتصادی اور بحری سلامتی شراکت داری کے وژن کا جائزہ لیا اور طے پایا کہ اس پر مزید کام کیا جائے گا، اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان رشتہ محض پالیسیوں کا نہیں بلکہ عوامی، سیاسی، اور تہذیبی ہم آہنگی کا بھی ہے، جو آنے والے برسوں میں اور مضبوط ہوگا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read