Bharat Express DD Free Dish

Women’s Asia Cup 2026: شيفالی ورما نے رقم کی تاریخ، ویمنز ٹی20 ایشیا کپ میں جڑا سب سے تیز نصف سنچری کا ریکارڈ

دبئی میں ویمنز ایشیا کپ 2026 کے فائنل میں شیفالی ورما نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے صرف 24 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی اور ویمنز ٹی20 ایشیا کپ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والی بلے باز بن گئیں۔

بھارت اور سری لنکا کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ویمنز ایشیا کپ 2026 کے فائنل میں بھارتی اوپنر شیفالی ورما نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔ شیفالی نے محض 24 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ویمنز ٹی20 ایشیا کپ میں تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ انہوں نے اپنی اوپننگ ساتھی اسمرتی ماندھنا کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے 2022 کے ٹی20 ایشیا کپ میں 25 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔ اس فہرست میں رچا گھوش 26 گیندوں میں نصف سنچری کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

شیفالی اور ماندھنا کی طوفانی شراکت

ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری بھارتی ٹیم کو شیفالی ورما اور اسمرتی ماندھنا کی جوڑی نے دھماکہ خیز شروعات دی۔ دونوں نے صرف 10.2 اوورز میں بھارت کا اسکور 100 رنز تک پہنچا دیا۔ پہلی وکٹ کے لیے ماندھنا اور شیفالی نے 12.5 اوورز میں 129 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ اس کے ساتھ ہی دونوں نے خواتین ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ سنچری شراکت داری کرنے کے معاملے میں متحدہ عرب امارات کی ایشا اوجھا اور تیرتھ ستیش کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔ ماندھنا اور شیفالی نے چھٹی مرتبہ 100 یا اس سے زیادہ رنز کی شراکت قائم کی ہے۔

ایشیا کپ کے ایک ایڈیشن میں تیسری نصف سنچری

شیفالی ورما نے ویمنز ایشیا کپ 2026 میں تیسری مرتبہ نصف سنچری والی اننگز کھیلی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹی20 ایشیا کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کے معاملے میں سری لنکا کی کپتان چماری اٹاپٹو کے ریکارڈ کی بھی برابری کرلی۔ چماری اٹاپٹو نے 2024 کے ایشیا کپ میں تین نصف سنچریاں بنائی تھیں۔

بھارت کی پلیئنگ الیون

اسمرتی ماندھنا، شیفالی ورما، ہرمن پریت کور (کپتان)، بھارتی فُلمالی، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، گونالن کملنی، دیپتی شرما، پریما راوت، شری چَرَنی، کرانتی گوڑ اور نندنی شرما۔

سری لنکا کی پلیئنگ الیون

چماری اٹاپٹو (کپتان)، ایمیشا دلانی، وِشمی گنارتنے، ہاسنی پریرا، ہرشیتا سماراوکرما، کاویشا دلہاری، نیلاکشی سلوا، کوشانی نوتھیانگنا (وکٹ کیپر)، سگندھیکا کماری، چامودی پربودھا اور متالی ایودھیا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read