نئی دہلی : فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ جے کے ایک اہم میچ میں ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے آسٹریا کے خلاف گول کرکے تاریخ رقم کر دی۔ ڈلاس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں میسی نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کے سب سے زیادہ انفرادی گول کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔اپنے 39ویں یومِ پیدائش سے صرف دو روز قبل میسی نے ورلڈ کپ میں اپنا 17واں گول اسکور کیا، جو 2026 کے ٹورنامنٹ میں ان کا چوتھا گول بھی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے 16 گولوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اب میسی 17 گولوں کے ساتھ فہرست میں سرفہرست ہیں، جبکہ کلوزے 16 اور برازیل کے رونالڈو 15 گولوں کے ساتھ ان کے پیچھے ہیں۔
میسی نے ایک اور منفرد اعزاز بھی حاصل کیا۔ وہ فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائرزینھو کے بعد مسلسل چھ ورلڈ کپ میچوں میں گول کرنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔میچ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو آسٹریا کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم میسی نے اپنی شاندار کارکردگی سے ٹیم کی واپسی کی قیادت کی۔ گول کے موقع پر میسی نے گیند تھیاغو المادا کو پاس کی، جنہوں نے فوری طور پر ایک عمدہ ریٹرن پاس دیا۔ میسی نے گیند کو بہترین انداز میں کنٹرول کرتے ہوئے آسٹریا کے گول کیپر الیگزینڈر شلاگر کو چکمہ دیا اور زبردست شاٹ کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میسی اس سے چند منٹ قبل ہی یہ تاریخی ریکارڈ قائم کر سکتے تھے، لیکن وہ ایک پینلٹی ضائع کر بیٹھے تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے بعد میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔میچ کے ابتدائی لمحات میں ارجنٹینا کا غلبہ رہا، لیکن پینلٹی ضائع ہونے کے بعد ٹیم کی گرفت کچھ کمزور پڑ گئی۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریا نے ہائی پریسنگ کے ذریعے کھیل پر کنٹرول حاصل کیا اور ارجنٹینا کے حملوں کو روکنے کی کوشش کی۔ قابل ذکر بات یہ ہےکہ وہ اپنی برتری کو گول میں تبدیل نہ کر سکے۔بعد ازاں ارجنٹینا نے دوبارہ کھیل پر گرفت مضبوط کی اور میسی نے مڈفیلڈ سے ایک خوبصورت موو ترتیب دیتے ہوئے تھیاغو المادا کے ساتھ شاندار کمبینیشن بنایا، جس کا اختتام تاریخی گول پر ہوا۔ اس گول کے ساتھ نہ صرف ارجنٹینا کو 1-0 کی برتری ملی بلکہ میسی نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ انفرادی گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



